پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچے ہیں,وزارت داخلہ

Nov 27, 2025 | 16:57:PM
پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچے ہیں,وزارت داخلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ نے انکشاف کیا ہے کہ یو اے ای پاکستانیوں کو ویزہ نہیں دے رہے،پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب میں پابندی لگتے لگتے بچے ہیں۔

وزارت داخلہ کے حکام کے مطابق پڑوسی ملک نے ہماری مہمان نوازی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمارے سسٹم میں مداخلت کی اور پاسپورٹس بنوائے،اس میں ہماری بھی ذمہ داری ہوگی کہ کرپشن ہوئی ہوگی۔

اگر پابندی لگ گئی تو ہٹوانا مشکل ہوگا،یو اے ای والے ویزہ نہیں دے رہے،صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ ہولڈرز کے لئےویزہ مل رہے ہیں۔

سیکرٹری وزارتِ داخلہ کے مطابق چند ماہ قبل سعودی عرب سے بڑے پیمانے پر پاکستانی نکالے گئے، کئی افغان شہری پاکستانی بن کر مقیم تھے،اب ہم نے 18 سے 20 کروڑ پاکستانیوں کا ڈیٹا ڈیجیٹل طور پر جمع کر لیا ہے،ہمارے تمام شہریوں کا ریکارڈ موجود ہے اور تصدیق فوراً ہو جاتی ہے،شہری کی شناخت کی تصدیق کے بعد ہی پوچھا جاتا ہے کہ اسے کیا معاونت چاہیے۔

سیکرٹری وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ مختلف ملکوں کے اپنے اپنے قوانین ہیں، ہر جگہ وکیل کرنا ممکن نہیں ہوتا،کئی ملک صرف اپنے ملک کے وکیل کی اجازت دیتے ہیں،بیرونِ ملک گرفتار پاکستانیوں کی اکثریت معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث ہوتی ہے،زیادہ تر گرفتاریاں اوور اسٹے، شناختی فراڈ یا بینک فراڈ کی ہوتی ہیں،قتل، منظم جرائم یا دہشت گردی میں پاکستانی شہری نہ ہونے کے برابر ہیں۔

وزارتِ داخلہ کا مزید کہناتھا کہ انسانی  سمگلنگ کے بڑھتے واقعات پر وزیراعظم کی ہدایت پر متعدد ممالک کے دورے کیے،پنجاب کے کئی اضلاع سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی بیرونِ ملک روانگی کے کیس سامنے آئے،گجرات، وزیرآباد، شیخوپورہ اور لاہور سے انسانی  سمگلنگ کے منظم نیٹ ورک چل رہے ہیں،انسانی  سمگلرز دبئی اور مشرقِ وسطیٰ کے مختلف مقامات پر سرگرم ہیں۔

سیکرٹری وزارتِ داخلہ کا کہنا تھا کہ معصوم نوجوانوں کو لالچ دے کر 43 سے 50 لاکھ روپے تک وصول کیے جاتے ہیں،انسانی سمگلرز نوجوانوں کو یورپ پہنچانے کے بہانے غیر قانونی راستوں پر دھکیل دیتے ہیں،کئی پاکستانیوں کو چھ سے آٹھ ماہ تک جبری محنت اور غیر انسانی حالات میں رکھا جاتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں : عمان نے پاکستانیوں کیلئے ویزے کھول دیئے! اپلائی کرنے کا آسان طریقہ