پیپلز پارٹی کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ،حامد میر نے بڑا دعویٰ کر دیا

Jul 27, 2023 | 09:34:AM
پیپلز پارٹی کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ،حامد میر نے بڑا دعویٰ کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سینئر صحافی حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہاتھ ہو گیا ہے لیکن وہ لوگوں کو بتا نہیں رہی۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے سینئر صحافی حامد میر نے انکشاف کیا کہ بلاول بھٹو نے بجٹ سے پہلے بیان دیا تھا کہ ہمیں فنڈز نہیں مل رہے جسے آصف علی زرداری نے کوور کرنے کی کوشش کی،ان کے اس بیان کے بعد صورتحال اچانک تبدیل ہو گئی۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار کے مطابق پاکستان کی سیاست میں نئی ڈش متعارف کروائی جارہی ہے، ن لیگ کے اہم لوگوں نے اسحاق ڈار سے انہیں نگران وزیراعظم بنانے کے بارے میں پوچھا ہے، اسحاق ڈار سے پہلے خواجہ آصف کو نگراں وزیراعظم بننے کی پیشکش کی گئی تھی مگر انہوں نے منع کردیا، حکومت کی ایک اہم اتحادی جماعت کے اہم لیڈر نے اسحاق ڈار کو یقین دلایا کہ آپ نگران وزیراعظم بنے تو ہم حمایت کریں گے مگر پیپلز پارٹی نے اس پر پھڈا ڈال دیا۔

حامد میر نے بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ کہانی کچھ یوں ہے کہ بلوچستان کے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے آصف زرداری سے وعدہ کیا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو جائیں گے،لیکن اب عبدالقدوس بزنجو نے آصف زرداری کو خط لکھا ہے کہ وہ پیپلز پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے، دوستوں کے مشورے سے فیصلہ کیا ہے کہ ہم بلوچستان عوامی پارٹی سے ہی الیکشن لڑیں گے اور پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسمنٹ کر سکتے ہیں۔

 جنوبی پنجاب میں بھی پی ٹی آئی کے کچھ لوگ پیپلز پارٹی میں آنا چاہتے تھے لیکن وہ سب استحکام پاکستان پارٹی میں چلے گئے، خیبرپختونخوا میں 3ایم پی ایز پیپلز پارٹی میں آرہے تھے لیکن اچانک وہ پرویز خٹک کے ساتھ چلے گئے، پیپلز پارٹی کو لگتا ہے اسے ایک دفعہ پھر سندھ تک محدود کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، سندھ میں بھی ایک بڑا سیاسی اتحاد بننے جارہا ہے جس کے بعد پیپلز پارٹی کیلئے وہاں بھی مشکلات ہوسکتی ہیں۔

سینئر صحافی کے مطابق پیپلز پارٹی سوچ رہی تھی کہ تین صوبوں میں چند سیٹیں انہیں مل جائیں گی لیکن ایسا ہوتا نہیں دکھائی دے رہا، پیپلز پارٹی کو لگ رہا کہ انہیں سندھ تک محدود کیا جا رہا،انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی پیپلز پارٹی کے لیے مشکلات کھڑی ہو رہی ہیں، جی ڈے اے اور ایم کیو ایم سمیت کئی جماعتیں گرینڈ الائنس میں جا رہی ہیں جس سے پیپلزپارٹی کو نقصان ہو گا۔