نواز شریف کی ہدایت ، مسلم لیگ (ن)نے انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز )نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن نے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں، پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور امیدواروں کا آن لائن اجلاس طلب کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کے پرانے ٹکٹ ہولڈرز اور امیدواروں کا آن لائن اجلاس ہوا،شہبازشریف نے امیدواروں کو انتخابات کی بھرپور تیاری کی ہدایت کر دی ہے۔
اجلاس میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ٹکٹوں کا فیصلہ امیدواروں کی عوامی مقبولیت ، ساکھ اور کارکردگی کی بنیاد پر کرے گی، حالیہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے ذاتی سیاسی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دی، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کیے اور اس کی سیاسی قیمت ادا کی ہے۔
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے عوام کو سبز باغ نہیں دکھائے حقیقت بتائی،انتخابات میں پوری تیاری اور ہوم ورک کے ساتھ جائیں گے،مشکل وقت جلد ختم ہو جائے گا عوام کی تکلیف کا احساس ہے،ن لیگ میں تقسیم اور تفریق کی باتیں کرنے والے جان لیں ہم سب نواز شریف کی قیادت میں متحد ہیں ، شہبازشریف کی لیگی امیدواروں کو مریم نوازکی قیادت میں ہونے والے جلسوں اور ریلیوں میں بھرپور عوامی شرکت کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔
پارٹی صدر شہباز شریف نے لیگی امیدوار وں کو اپنے اپنے حلقوں میں بھی عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ لیگی امیدوار عوام کو مہنگائی ، معیشت کی بدحالی میں تحریک انصاف کی حکومت کے کردار اور دیگر حقائق سے آگاہ کریں۔