لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کل، 32 ہزار سے زائد وکلاء حقِ رائے دہی استعمال کریں گے

Feb 27, 2026 | 10:19:AM
لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات کل، 32 ہزار سے زائد وکلاء حقِ رائے دہی استعمال کریں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ملک اشرف)لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کل 28 فروری کو منعقد ہوں گے، انتخابات بائیو میٹرک سسٹم کے تحت کرائے جائیں گے جس کے لیے 125 بائیو میٹرک مشینیں نصب کر دی گئی ہیں، پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

الیکشن بورڈ کے مطابق مجموعی طور پر 32 ہزار 488 وکلاء کو ووٹ کاسٹ کرنے کا اہل قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ کے لیے ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم، کراچی شہداء ہال سمیت 8 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جبکہ جناح لاؤنج، اقبال لاؤنج اور لیٹیگنٹ سنٹرز میں بھی ووٹنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، خواتین وکلاء کے لیے کیانی ہال اور علیحدہ اسٹڈی روم میں خصوصی بوتھ قائم کیے گئے ہیں، الیکشن بورڈ نے وکلاء کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے مقررہ بوتھ پر ہی ووٹ کاسٹ کریں۔

پولنگ بوتھ نمبر 1 ڈاکٹر جاوید اقبال آڈیٹوریم میں قائم کیا گیا ہے جہاں ووٹ نمبر 1 سے 8800 تک پولنگ ہوگی۔ بوتھ نمبر 2 کراچی شہداء ہال میں قائم ہے جہاں ووٹ نمبر 8801 سے 13000 تک درج ووٹرز ووٹ ڈال سکیں گے، بوتھ نمبر 3 جناح لاؤنج میں ووٹ نمبر 13001 سے 17450 تک کے لیے مختص ہے جبکہ بوتھ نمبر 4 اقبال لاؤنج میں ووٹ نمبر 17451 سے 19800 تک کے ووٹرز کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

اسی طرح بوتھ نمبر 5 لیٹیگنٹ سنٹر 1 میں ووٹ نمبر 19801 سے 24000 تک، بوتھ نمبر 6 لیٹیگنٹ سنٹر 2 میں ووٹ نمبر 24001 سے 27365 تک کے لیے مختص ہے، بوتھ نمبر 7 کیانی ہال میں ووٹ نمبر 27367 سے 29965 تک کے لیے قائم کیا گیا ہے جبکہ خواتین وکلاء کے لیے بوتھ نمبر 8 علیحدہ اسٹڈی روم میں قائم کیا گیا ہے جہاں ووٹ نمبر 29966 سے 32488 تک درج خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:کیا کل بینک کھلے رہیں گے؟

سالانہ انتخابات میں بار کے چار اہم عہدوں کے لیے 18 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا، صدر کے عہدے کے لیے بابر مرتضیٰ خان اور راجہ عامر خان مدمقابل ہیں، نائب صدر کے عہدے کے لیے چوہدری قمر شاہد میو، سہیل قیصر فاروق، شیخ حبیب بن یوسف اور فیصل محبوب ملک امیدوار ہیں، سیکرٹری کے عہدے کیلئے بیرسٹر حارث حیات ڈاہر، رائے محمد علی کھرل، سجاد حسین تارڑ اور قاسم اعجاز سمرا میدان میں ہیں، فنانس سیکرٹری کے لیے بلال ریاض شیخ، چوہدری عبدالحئی گجر، سعدیہ نورین مہر، فائزہ نصیر چوہدری اور قرةالعین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

الیکشن بورڈ کے مطابق انتخابات کے تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جائے گی تاکہ شفاف اور منصفانہ عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔