سال 2025 پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے کیسا رہا؟

Dec 27, 2025 | 15:10:PM
سال 2025 پاکستانی فلم انڈسٹری کیلئے کیسا رہا؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)ایک زمانہ تھا جب پاکستان میں سالانہ سو سے زائد فلمیں بنتی اور ریلیزہواکرتی تھیں جن میں عیدین پر درجن کے لگ بھگ فلمیں ریلیز ہوتی تھیں اوردونوں عیدوں پر فلموں کے درمیان خوب مقابلہ ہوتاتھاجسے’’عیددنگل‘‘کانام دیاجاتاتھا،پھرآہستہ آہستہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے حالات خراب ہونے لگے توسالانہ ریلیز ہونے والی فلموں کی تعداد نصف درجن بلکہ اس سے بھی کم ہو گئی یہ فلمیں بھی عید پر ریلیز ہوتی تھیں۔
 فلم سازی کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد نوجوان معیاری فلموں کے ساتھ سامنے آئے اورفلم انڈسٹری بحالی کی راہ پرچل نکلی لیکن کوروناکی وجہ سے فلم انڈسٹری پھربری طرح متاثر ہوئی،اب پھرسے فلمیں بن تورہی ہیں لیکن ان کی تعدادکافی کم ہے اوروہ بھی زیادہ ترعیدین پر ریلیزہوتی ہیں ۔


سال2025کے آغاز میں عید الفطر کے موقع 6 فلمیں ریلیز ہوئیں لیکن زیادہ تر فلمیں ناکام رہیں جن میں شاز خان کی فلم’ ’دی مارشل آرٹس‘‘ کو سینما گھروں میں شوز ہی نہیں ملے جبکہ فلم ’’قلفی ‘‘کی کاسٹ میں شامل جاوید اختر جیسے بڑے نام بھی مداحوں کو سینما گھروں تک لانے میں ناکام رہے۔
نامور ہدایت کار ندیم بیگ کی فلم ’’لو گرو‘‘ کو بے حد پسند کیا گیا جس میں ماہرہ خان اورہمایوں سعید نے مرکزی کردار کئے تھے، فلم نے 12 کروڑ سے زائد کی اوپننگ کی جبکہ دنیا بھر سے مجموعی طور پر 80 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب رہی،اس فلم  میں  ہمایوں سعید اورماہرہ خان کی جوڑی کے علاوہ رمشا خان ، مومنہ اقبال، سوہائے علی ابڑو نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔


 رافع راشدی کی ہدایت کاری میں بننے والی ہاررفلم’’دیمک‘‘ کوبھی عیدالضحیٰ پر ریلیز کیا گیا تھا اور فلم نے 20 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا،اس فلم کی کہانی ساس اور بہو کے درمیان تلخ تعلقات پر مبنی ہے جس کا پس منظر مکان میں پراسرار مخلوق کی سرگرمیاں رہا ،’’دیمک‘‘کی کاسٹ میں فیصل قریشی، جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، ثمن انصاری اوردیگرشامل تھے۔
2025 کا اختتام پاکستانی سینما کے لیے اچھا ثابت ہوا، سال کی آخری فلم ’’نیلو فر‘‘باکس آفس پر کامیاب رہی جو اب بھی سینما گھروں کی زینت بنی ہوئی ہے،اس فلم میں فواد خان اور ماہرہ خان نے فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ ‘‘ کے بعد ایک مرتبہ پھر فلم سلورسکرین پر واپسی کی ہے۔
معروف ہدایت کار شہزاد رفیق کی فلم’ ’ویلکم ٹو پنجاب‘‘بھی 2025 میں ریلیزہونے والی پاکستانی فلموں میں شامل ہے لیکن پاکستان میں اس فلم کوکامیابی نہیں مل سکی تاہم یہ فلم آذربائیجان میں ہونے والے باکو فلمی میلے میں بیسٹ آڈیئنس ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہی،اس فلم کی کاسٹ میں عادی خان ، زارا حیات، ساجد حسن، جاوید شیخ اور بشریٰ انصاری شامل تھے۔


مزاحیہ فلم ’’قلفی ‘‘بھی 2025 میں ریلیزہوئی جس کی کاسٹ میں بابرعلی، شہروز سبزواری، جاوید شیخ، معمر رانا اور سعیدہ امتیاز شامل تھے لیکن مداحوں کو شہروز سبزواری سمیت کسی کی اداکاری پسند نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں:حمزہ سہیل کیساتھ شادی؟سجل علی نے خاموشی توڑ دی
پروڈیوسر میسم علی اور ہدایت کار نیہا لاج کی فلم ’’کبیر‘‘بھی اس سال کے دوران سینماگھروں کی زینت بنی جس کے نمایاں فنکاروں میں عدنان شاہ ٹیپو، انعم تنویر، سخاوت ناز، میسم علی اور جہانگیر خان جانی شامل تھے لیکن یہ فلم فلاپ فلم ثابت ہوئی۔
جاوید شیخ اور صائمہ نور کی پنجابی ایکشن فلم ’’عشق لاہور‘‘ کو بھی عید کے موقع سینماؤں میں ریلیزکیاگیا۔
2025 میں ریلیزہونےوالی فلموں میں ایک اورفلم’’لمبی جدائی‘‘بھی شامل تھی جس کی کاسٹ میں بابرعلی، حریم فاطمہ، طیب خان اور فضا مرزا سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔
پاکستانی نژاد امریکی فلم ساز شاز خان کی’’ مارشل آرٹسٹ‘‘رواں سال پاکستان میں ریلیز ہوئی جو ناکام رہی حالانکہ اس کی سینماٹوگرافی بہت جاندارتھی۔
ہدایت کار حبیب شہزاد کی فلم ’’ججی‘‘ بھی اس سال کے دوران ریلیزہوئی جس کی کاسٹ میں محمد ارسلان، مصطفیٰ رضوی اور انجم حبیب شامل تھے۔