آئی ایم ایف نے فیول سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا: مفتاح اسماعیل

May 26, 2022 | 11:31:AM
مفتاح اسماعیل، آئی ایم ایف،فیول سبسڈی
کیپشن: سابقہ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیول سبسڈی دی:مفتاح اسماعیل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے سابقہ حکومت کی جانب سے دی گئی فیول سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کیا، سابقہ حکومت نے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیول سبسڈی دی۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مثبت اور فائدہ مند مذاکرات کیے گئے، فروری 2022 میں دی گئی فیول سبسڈی کے باعث ہونیوالے نقصانات پر بات چیت کی گئی، آئی ایم ایف کے ساتھ 2023 کے بجٹ اہداف پر بھی مذاکرات کیے گئے، بڑھتی مہنگائی اور زرمبادلہ کے کم ذخائر کے باعث سخت معاشی پالیسیوں کی ضرورت ہے، موجودہ حکومت آئی ایم ایف قرض پروگرام بحال کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف نے قرض کی قسط پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے مشروط کردی

خیال رہے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کیلئے قرض کی قسط پٹرول کی قیمتیں بڑھانے سے مشروط کر دی۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھائے بغیر قسط جاری نہیں ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایف نے پاکستان کے تمام مطالبات سے اتفاق کر لیا تھا تاہم قسط کا اجرا اور پروگرام دورانیہ بڑھانا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے مشروط ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد وزیر اعظم سے بات چیت کے بعد آئی ایم ایف کو جواب دے گا۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستان نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات دوحہ میں ہوئے جس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک نے شرکت کی۔