ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزیدبارش اور برفباری کا الرٹ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی،طیب سیف ) این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں، آندھی جھکڑ کے ساتھ مزید بارش برسائے گا،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔
بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوا ل، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد،سیالکوٹ،منڈی بہاؤالدین، لاہور،میانوالی اور میں اگلے 12سے24گھنٹوں میں آندھی جھکڑاور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،خوشاب، سرگودھا،جھنگ، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، نارووال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ہے،چترال، دیر، سوات،کالام، کوہاٹ، کرک، بنوں،ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غزر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت،قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، آواران،واشک،، پنجگور، تربت، گوادراور لسبیلہ
میں اگلے 12سے24گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں،بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے،پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان، مسافر احتیاط کریں۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں،تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں،سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی(پی اےاے) نے 25 سے 29 مارچ تک بارش اور گرج چمک کے پیش نظرہوائی اڈوں پر مکمل احتیاط کی ہدایات جاری کردیں ہیں،پی اے اے نےپارکڈ طیاروں کو محفوظ کرنے اور کیڑے مکوڑوں اور پرندوں سے نمٹنے کے اقدامات کی ہدایت کی ہے،تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور ہوائی آپریشنز کو محفوظ رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہلکے طیاروں کو محفوظ جگہ پر باندھیں، کھلے یا بکھرے سامان کو محفوظ کریں،ایئر سائیڈ انسپکٹرز برڈ شوٹرز تعیناتی، فیومی گیشن وغیرہ اقدامات کو یقینی بنائیں،طوفان و بادوباراں کی صورت میں نکاسی اب کے راستوں کو صاف رکھیں اور رن وے فریکشن چیک کریں۔
پی اے اے کے مطابق بارش اور آندھی میں الیکٹریکل کیبلز اور لائٹس کو خصوصی طور پر چیک کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ،حکام نے فالو می وین، ریسکیو اینڈ فائر فائٹنگ سروسز(آر ایف ایف ایس) اور آپریشنل سٹاف الرٹ رہنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے سینیٹر مراد سعید کو نااہل قرار دے دیا