آزاد کشمیر انتخابات میں شکست پر مریم اوربلاول کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے ، فواد چودھری

Jul 26, 2021 | 19:29:PM
آزاد کشمیر انتخابات میں شکست پر مریم اوربلاول کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے ، فواد چودھری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں بدترین شکست کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے کشمیر امورعلی امین گنڈا پور کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے بیانیے کی وجہ سے ن لیگ کو بری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لیگی نائب صدر کے بیانیے کو کشمیری عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ن لیگ کی لیڈر شپ مسلسل اداروں کو فوج کو تنقید کا نشانہ بنا رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سیاست پاکستان کی سیاست ساتھ ساتھ چلتی ہے۔ پیپلز پارٹی کا پاکستان کی طرح کشمیر میں بھی کوئی حال نہیں رہا۔ 2023 میں سندھ میں پیپلز پارٹی کا یہی حال ہو گا۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی یہ آخری حکومت ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے تمام امیدواروں کو مبارکباد دی ہے۔ تحریک انصاف کو تاریخی کامیابی ملی ہے۔ تاریخی کامیابی کے بعد دھاندلی کا بیانیہ تو اپنے آپ مر جاتا ہے۔ لوگوں کو انتخابی عمل پر اعتماد ہے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے ووٹ دیکر مقبوضہ کشمیر کی تحریک کو جلا بخشی ہے۔ بھارت جب تک 5 اگست کے اقدام کو واپس نہیں لے گا کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بلاول اور مریم کو اپنی شکست تسلیم کرنی چاہئے، مریم نواز کس منہ سے اتنی بڑی شکست کے بعد نائب صدر اور بلاول پارٹی چیئرمین ہیں، آزاد کشمیر الیکشن میں بدترین شکست کے بعد بلاول اور مریم نواز کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے۔ پتہ نہیں پیپلز پارٹی نے ترقی کی یا ن لیگ بیٹھ گئی، سابق وزیراعظم نواز شریف کی افغانستان کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کے ساتھ ملاقات نہ ہوتی تو شاید ان کیلئے بہتر ہوتا، ن لیگ کی لیڈر شپ کو نواز شریف کی ملاقات پر آگاہ کرنا چاہیے۔ ن لیگ کو نواز شریف کو نوٹس دینا چاہیے۔
وفاقی وزیر برائے کشمیر امورعلی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ عمران خان بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ کشمیر کی 72 سال کی احساس محرومی کا ازالہ کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کشمیر میں ڈیلیور کر کے ان کے مقصد کو آگے بڑھائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی بتا دیا تھا اپوزیشن جماعتیں الیکشن کو سبوتاز کرنا چاہتی ہیں۔ جن کی جانیں گئیں اس کا ازالہ کیا جائے گا۔ پارٹی قیادت کی میٹنگ میں کشمیر کے وزیراعظم اور کابینہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتا۔ میرے تحفظات ہیں کہ میرے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، کل الیکشن کمیشن نے بلایا میرا وکیل پیش ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: نوازشریف فوجی نرسریوں کی پیداوار،اسی کیخلاف بدزبانی کرتاہے: شیخ رشید