تعلقات میں کشیدگی، جاپان اور چین کے درمیان پانڈا سفارتکاری کا خاتمہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)تعلقات میں کشیدگی کے باعث جاپان اور چین کے درمیان پانڈا سفارتکاری کا خاتمہ ہوگیا۔
جاپان بگڑتے تعلقات کی وجہ سے ملک کے آخری 2 پانڈا چین واپس بھیج رہا ہے،اتوار کے روز جاپان کے ایک چڑیا گھر میں ہزاروں لوگ جمع ہوئے تاکہ ملک کے آخری 2 دیوہیکل پانڈا کو الوداع کہہ سکیں، انہیں منگل کے روز چین واپس بھیجا جائے گا۔
اس حوالے سے ٹوکیو کے چڑیا گھر میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، ہزاروں لوگ قطاروں میں کھڑے رہے، کچھ لوگ ساڑھے تین گھنٹے تک انتظار کرتے رہے تاکہ جڑواں پانڈوں شاؤ شاؤ اور لے لے کو آخری بار دیکھ سکیں۔
جاپان اور چین کے تعلقات میں تناؤ اُس وقت خطرناک حد تک بڑھ گیا جب جاپانی وزیر اعظم نے کہا کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو جاپان اس معاملے میں فوجی مداخلت کرے گا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم کا پنجاب بھر میں پالتو شیر رکھنے کی قانونی اجازت ختم کرنے کا فیصلہ
جڑواں پانڈوں کی روانگی کے بعد جاپان میں پہلی بار 1972 کے بعد سے کوئی پانڈا نہیں ہوگا، یہ وہ سال تھا جب دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات معمول پر آئے تھے،1949 میں اپنے قیام کے بعد سے چین خیرسگالی کے طور پر اپنے اتحادی اور بعض حریف ملکوں کو پانڈا بھیجتا رہا ہے،تاہم چین اپنے تمام پانڈوں کی ملکیت برقرار رکھتا ہے، حتیٰ کہ وہ بچے بھی جو بیرون ملک پیدا ہوں، میزبانی کرنے والے ممالک اس کے بدلے میں ہر جوڑے کے لیے سالانہ تقریباً 10 لاکھ ڈالر چین کو ادا کرتے ہیں۔