شدید برفانی طوفان،دفاتر بند،سکولوں میں آن لائن کلاسز کا اعلان
درجہ حرارت منفی 49 تک گر گیا، 16 ہزار پروازیں منسوخ،8 لاکھ افراد بجلی سے محروم،ایمرجنسی نافذ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امریکا میں شدید برفانی طوفان سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا اور درجہ حرارت منفی 49 تک گر گیا جبکہ 7 افراد ہلاک ہو گئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما اور نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں شدید برفباری، بارش اور سرد ہواؤں کا راج ہے،نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 تک پہنچ گیا اور شدید برفباری کے باعث 16 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ 8 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہو گئے۔
انٹرنیشنل میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور 40 ریاستوں کے 24 کروڑ افراد متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا میں نجی طیارہ گر کر تباہ،تحقیقات شروع
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل کاکہناہے کہ یہ کئی برسوں کا سب سے شدید موسم سرما ہے، نیویارک کے مختلف حصوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے اور عوام کو غیرضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن اور گردونواح میں 6 سے 10 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے وفاقی دفاتر بند بند کر دیے گئے جبکہ سکولوں کو بند کر کے آن لائن کلاسز کا اعلان کیا گیاہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس شدید برفانی طوفان کا اثر اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔