شادی میں اونچی آواز میں میوزک اور ڈھول باجا۔۔۔63 ہلاکتیں

Nov 25, 2021 | 18:36:PM
بھارتی ریاست اڑیسہ، باراتیوں، تیز میوزک، ڈھول باجے
کیپشن: بینڈ باجا، فائل فوٹو

 (ویب ڈیسک)بھارتی ریاست اڑیسہ میں باراتیوں کی جانب سے تیز میوزک اور ڈھول باجے کے باعث 63 مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولٹری فارم کے مالک رنجیت پریڑا نے اپنے پڑوسی کیخلاف نِلاگری پولیس سٹیشن میں مقدمہ درج کروایا۔رنجیت پریڑا نے باراتیوں پر الزام لگایا کہ اونچی آواز میں ڈھول باجے اور گانے بجانے کی وجہ سے اس کی 63 مرغیوں کو دِل کا دورہ پڑگیا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگئیں۔

فارم مالک کے مطابق بارات اتوار کی شب 11 بج کر 30 منٹ پر اس کے فارم کے سامنے سے گزری، گانوں کی حد سے تیز آواز سن کر مرغیاں غیر معمولی ردعمل دینے لگیں اور کچھ مرغیاں اچھلنے لگیں۔رنجیت کے مطابق اس نے ڈی جے سے میوزک کم کرنے کا کہا تو اس نے ایک نہ سنی جس کے بعد ایک ایک کرکے 63 مرغیوں کی موت ہوگئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ تیز آواز کے سبب مرغیوں کو صدمہ پہنچا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

رپورٹس کے مطابق 22 سالہ رنجیت نے انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے، مناسب نوکری نہ ملنے کے باعث اس نے 2019 میں نجی بینک سے 2 لاکھ روپے کا لون لے کر فارم کھولا تھا، رنجیت نے اپنانقصان بھرنے کیلئے باراتیوں سے درخواست کی جنہوں نے صاف انکار کردیا۔بعدازاں کوئی دوسرا راستہ نظر نہ آنے کی صورت میں اس نے تھانے کا رخ کیا اور ایف آئی آر درج کروادی۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول بحران آتے ہی ترین گروپ میدان میں آگیا، گل ودھ گئی اے ۔۔؟