وزیراعظم شہباز شریف کی بیجنگ میں چینی صدر سے اہم ملاقات،سفارتی تعلقات پرگفتگو
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ میں چین کے صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی، جو پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر صدر شی جن پنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی اور علاقائی حالات میں دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی مزید اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
وزیراعظم نے “ون چائنا پالیسی” پر پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور پاکستان کی خودمختاری، معاشی استحکام اور ترقی کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
انہوں نے ہانگژو کے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے ژجیانگ صوبے کی ترقی میں صدر شی جن پنگ کے کردار کی تعریف کی اور چین کو عالمی طاقت بنانے میں ان کی قیادت کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کی کوششوں اور صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی امن تجویز کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی کشیدگی کے دوران پاکستان اور چین کی دوستی خطے میں استحکام کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، گلوبل ڈیولپمنٹ انیشی ایٹو، گلوبل سکیورٹی انیشی ایٹو اور دیگر عالمی منصوبوں پر چین کے وژن کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے، سی پیک کو آگے بڑھانے اور صنعت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی خلائی اسٹیشن پروگرام کے لیے پاکستانی خلا بازوں کا انتخاب دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ایک “ناقابلِ شکست دوستی” ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چین اپنی ہمسایہ پالیسی میں ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دیتا رہے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین تعلقات کی 75ویں سالگرہ کو مستقبل میں مزید مضبوط اور عملی تعاون کے نئے دور میں تبدیل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ثالثی کردار کا عالمی سطح پر اعتراف