آسمان میں خوفناک تصادم، طیارہ پیراگلائیڈر سے ٹکرا گیا، خاتون معجزانہ طور پر بچ گئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )آسٹریا کے مشہور پہاڑی علاقے شمیٹن ہوے (Schmittenhöhe) کے اوپر ایک خطرناک فضائی حادثہ پیش آیا، جب ایک چھوٹا سیاحتی طیارہ دورانِ پرواز ایک پیراگلائیڈر سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون ہوا میں شدید خطرناک صورتحال سے دوچار ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق 44 سالہ خاتون سبرینا پیراگلائیڈنگ کے دوران فضاء میں پرواز کر رہی تھیں کہ اچانک ایک طیارے نے ان کے پیراشوٹ کے کینپی کو ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پیراشوٹ مکمل طور پر پھٹ گیا اور خاتون ہوا میں بے قابو ہو کر گھومنے لگیں۔
دل دہلا دینے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارے کا وِنگ چند فٹ کے فاصلے پر پیراگلائڈر سے ٹکرا گیا، جس کے بعد کینپی کے ٹکڑے ہوا میں بکھر گئے اور خاتون چیختی ہوئی نیچے کی طرف گرنے لگیں۔
اس خوفناک صورتحال میں خاتون نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمرجنسی پیراشوٹ کھولا، جس کی بدولت ان کی جان بچ گئی۔ حکام کے مطابق ان کی فوری اور درست کارروائی نے ممکنہ جان لیوا حادثے کو ٹال دیا۔
بعد ازاں انہیں پولیس ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا، جہاں انہیں معمولی چوٹیں اور خراشیں آئیں۔
رپورٹس کے مطابق چھوٹا طیارہ بھی محفوظ طریقے سے زیل ایم زیہ ایئرپورٹ پر لینڈ کر گیا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ فضائی حدود میں یہ خطرناک ٹکر کیسے پیش آئی۔