نیشنل مینجمنٹ کورس کیلئے گریڈ 20 اور مساوی عہدوں پر تعینات 59 افسران کی نامزدگیوں کی منظوری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد ترک)اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور میں 6 جولائی سے 6 نومبر 2026 تک منعقد ہونے والے 125ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے لیے گریڈ 20 اور مساوی عہدوں پر تعینات 59 افسران کی نامزدگیوں کی منظوری دے دی ہے.
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان، سیکریٹریٹ گروپ، فارن سروس، ان لینڈ ریونیو سروس، پاکستان کسٹمز سروس، انفارمیشن گروپ، آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، پوسٹل گروپ، نیشنل اسمبلی سیکریٹریٹ، نیب، اکنامسٹ گروپ، محکمہ دفاع اور صوبائی حکومتوں کے سینئر افسران نامزد افسران میں شامل ہیں، نوٹیفکیشن کے مطابق کورس میں پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے اہم انتظامی و پولیس افسران سمیت مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنوں کے سیکریٹریز، جوائنٹ سیکریٹریز، ڈائریکٹر جنرلز، کمشنرز اور دیگر سینئر افسران شرکت کریں گے.
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ نیشنل مینجمنٹ کورس ترقی کیلئے لازمی تربیت ہے اور سول سرونٹس پروموشن رولز 2019 کے تحت کسی افسر کی جانب سے 3 مرتبہ لازمی تربیت میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں اسے ترقی کے عمل میں سپرسیڈ کیے جانے کا سامنا ہو سکتا ہے، تمام متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ نامزد افسران کو کورس میں شرکت کیلئے بروقت ریلیو کیا جائے اور دورانِ تربیت انہیں دفتری ذمہ داریوں سے مستثنیٰ رکھا جائے، نوٹیفکیشن کے مطابق کورس مکمل طور پر رہائشی ہو گا جبکہ فی شریک افسر کورس فیس 22 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، وفاقی سروسز کے افسران کی فیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ادا کرے گا جبکہ صوبائی حکومتوں اور خودمختار اداروں کے افسران کی فیس متعلقہ حکومتیں یا ادارے برداشت کریں گے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مزید ہدایت کی ہے کہ صرف انتہائی ناگزیر اور اہم وجوہات کی بنیاد پر ہی کورس سے دستبرداری یا التوا کی درخواستوں پر غور کیا جائے گا، جبکہ ایسے افسران جو ماضی میں تین یا اس سے زائد مرتبہ کورس سے دستبردار یا مؤخر ہو چکے ہیں، وہ اپنی نامزدگی کے لیے باقاعدہ چینل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔