"سردار جی 3" بھارت میں ریلیز نہ ہونے سے نقصان ہوگا: دلجیت دوسانجھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)نامورگلوگار و اداکاردلجیت دوسانجھ نے کہاہے کہ"سردار جی 3" بھارت میں ریلیز نہ ہونے سے نقصان ہوگا۔
پاکستانی خوبرواداکارہ ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی پنجابی فلم "سردار جی 3"کی ریلیز کوبھارت میں مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے گلوکار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف حکومت سے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔
حالات کشیدہ ہونے کے باوجود فلم کے پروڈیوسرز نے فلم کا ٹیزر اور پہلا گانا"سوہنی لگ دی" ریلیز کردیا ہے جسے ہانیہ عامر نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیاہے۔
اس حوالے سے دلجیت دوسانجھ نے ایک انٹرویو میں فلم کی ریلیزکے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ جب فلم بنی تو اس وقت پاکستان اور بھارت کے تعلقات کشیدہ نہیں تھے،اس فلم کی شوٹنگ فروری میں ہوئی اور اس وقت حالات ٹھیک تھے۔
انہوں نے کہا کہ حالات خراب ہونے کے بعد یہ فلم اب بھارت میں تو ریلیز نہیں ہوگی، اس لیے فلم بنانے والوں نے فیصلہ کیا ہےکہ اسے اوورسیز ریلیز کیا جائے گا،اس فلم پر پروڈیوسرز کا بہت پیسہ لگا ہوا ہے جب فلم بن رہی تھی تو اس وقت ایسا کچھ نہیں تھا۔
یہ بھی پڑھیں:دل پھینک نہیں،والدہ جب حکم کریں گی شادی کرلوں گا:خوشحال خان
دلجیت دوسانجھ نے کہاکہ پروڈیوسر کے دماغ میں ہے اور انہیں پہلے ہی پتا ہے کہ فلم کے بھارت میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے نقصان ہوگا، جب میں نے فلم سائن کی تھی تو سب کچھ ٹھیک تھا اور اب حالات ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، فلم اوورسیز ریلیز کرنا چاہتے ہیں تو میں ان کے ساتھ ہوں۔
واضح رہے کہ"سردار جی 3"ایک کامیڈی، فینٹسی اور ہارر فلم ہے جس میں دلجیت دوسانجھ کو ایک ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو بھوتوں کا پیچھا کرتا ہے،اس فلم کو دنیا بھر میں 27 جون کو ریلیز کیا جا رہا ہے تاہم بھارت میں اس فلم کی ریلیز نہیں ہوگی۔