ق لیگ میں پھوٹ: نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

Jun 25, 2022 | 09:05:AM
ق لیگ ،پرویز الہی،چوہدری شجاعت حسین،نئی سیاسی جماعت،اعلان
کیپشن: ہم مخالفین کا دلیری سے مقابلہ کرینگے، واپسی کا کوئی راستہ نہیں: چودھری حسین الٰہی/ فائل فوٹو، گوگل سورس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بھائی چوہدری وجاہت حسین نے نئی جماعت بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

گجرات میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کرینگے، سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو مخالفین ہمارے حلقوں، ضلعوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ضمنی الیکشن؛ ن لیگ کے اہم رہنما انتخابی مہم کے دوران ہارٹ اٹیک سے انتقال کر گئے

چودھری وجاہت حسین نے کہا کہ ہم نئی جماعت بنائیں گے، 5 ماہ سے دونوں بھائیوں کو اکٹھا کرنیکی کوشش کی، شجاعت حسین کو ان کے بیٹوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، شجاعت حسین کو اولاد خراب کر رہی ہے، الیکشن کسی وقت بھی متوقع عوام کی رائے سے کوئی لا علم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ق لیگی سربراہ نے مجھے کہا ہے کہ عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویز الٰہی ایک تھے ایک ہیں، کیا وقت آ گیا ہے کہ ایک بھائی کے آگے جبکہ دوسرے بھائی کے پیچھے پولیس نظر آتی ہے۔ چودھری ظہور الٰہی خاندان کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شجاعت حسین کی خاندان سے قربت ہوتے دیکھ کر کبھی آصف علی زرداری، کبھی وزیراعظم شہباز شریف، کبھی مولانا فضل الرحمان ان کے گھر پہنچ جاتے ہیں۔ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیمِ کر دیا، زرداری جتنے پیسے بانٹتا پھرتا ہے اتنے چودھری شجاعت خیرات میں دیا کرتے ہیں، افسوس کا مقام ہے شجاعت حسین کا بیٹا زرداری سے ڈالر مانگ رہا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ پی پی 31 سے ہمارے خاندان کے امیدوار عمران مسعود ہی ہیں، چودھری شجاعت اولاد کے ہاتھوں مجبور ہو چکے ہیں۔ جونیجو دور سے لیکر کئی سالوں تک نواز شریف کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑا جب جدہ گئے تب ساتھ چھوڑا۔ مشرف کا ساتھ اس وقت تک دیا جب تک وہ پاکستان میں رہے۔ عمران خان سے اپنا وعدہ پورا کرینگے۔ سالک حسین کا گجرات کی سیاست سے کبھی کوئی تعلق نہیں رہا، پی ڈی ایم اے کو جب تک ٹیک دینے والے اور باہر کی قوتیں ساتھ ہیں وہ چلیں گے وگرنہ دو دن نہیں چل سکتی۔

 اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چودھری حسین الٰہی نے کہا کہ جو مخالفین ہمارے حلقوں، ضلعوں میں ہمیں نہیں ہرا سکے وہ ہمارے گھر میں دراڑیں ڈال رہے ہیں، ہم مخالفین کا دلیری سے مقابلہ کرینگے، واپسی کا کوئی راستہ نہیں، ن لیگی حکومت چودھری پرویز الٰہی، مونس الہیٰ پر مقدمات درج کروا رہے ہیں، دوسری طرف گھر کے افراد شہباز شریف کو تعاون کی یقین دہانیاں کروا رہے ہیں، ظہور الٰہی خاندان کے اپنے افراد ہی خاندان کو کمزور کر رہے ہیں۔