سکیورٹی فورسز کا قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،8 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

Dec 25, 2025 | 14:09:PM
سکیورٹی فورسز کا قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،8 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)قلات میں سکیورٹی فورسز کے فتنۃ الہندوستان کے خلاف آپریشن میں 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ  (آئی ایس پی آر)  کے مطابق 24 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ 

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور  شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

 ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا،دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں سرگرم طور پر ملوث رہے تھے۔

علاقے میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک  انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے ضلع قلات میں فتنتہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

 وزیرداخلہ محسن نقوی نے 8 خوارجیوں کو جہنم رسید کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے قلات میں کامیاب کارروائی کرکے خوارجیوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا،بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا۔  

وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہیں گے۔