لاہور جنرل ہسپتال اورپی جی ایم آئی میں انقلابی اصلاحات
مؤثر مانیٹرنگ اور فیڈ بیک سسٹم کے ذریعے ورکنگ ماحول کو بہتر بنایا، نظم وضبط میں نمایاں بہتری آئی،پرنسپل پروفیسرفاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امیر الدین میڈیکل کالج، پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اور لاہور جنرل ہسپتال میں گزشتہ ایک سال کے دوران انتظامی، تدریسی اور طبی شعبوں میں انقلابی اصلاحات کے مثبت نتائج تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے اپنی بطور پرنسپل تعیناتی کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پرپروفیسرز اور انتظامی ڈاکٹرز کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم ورک اور باہمی ہم آہنگی ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے، باہمی تعاون سے ہی ہم تمام چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں، اس لیے تمام ہیلتھ پروفیشنلز کو مریضوں کی بہترین خدمت کو اپنا سب سے بڑا مشن بنانا چاہیے۔
پروفیسر فاروق افضل نے کہا کہ اداروں میں میرٹ، شفافیت، بائیو میٹرک حاضری، مؤثر مانیٹرنگ اور فیڈبیک سسٹم کو مضبوط بنا کر ورکنگ ماحول کو بہتر بنایا گیا ہے،سفارش کلچر کے مکمل خاتمے اور زیرو ٹالرینس پالیسی کے سخت نفاذ سے نظم و ضبط میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
پروفیسر فاروق افضل نے مزید بتایا کہ جدید طبی آلات کی تنصیب، شعبہ جات کی اپ گریڈیشن، مریضوں کو ادویات اور تشخیصی سہولیات کی فوری فراہمی، آؤٹ ڈور کے اوقات کار میں اضافہ، فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام، گرینڈ کلینیکل لیکچرز، منٹورشپ کلچر، جدید ورکشاپس، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سٹاف کی پیشہ ورانہ تربیت، تاریخی لیکچر تھیٹرز کی جدید تزئین اور انہیں ابن سینا، الرازی اور الزہراوی کے ناموں سے منسوب کرنا، پین مینجمنٹ کلینک، جدید واٹر فلٹریشن پلانٹس اور سرسبز ماحول کی فراہمی جیسے اہم اقدامات کیے گئے،حکومت پنجاب کے ہیلتھ ویژن کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں پاکستان کا پہلا پیڈیاٹرک سٹروک سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عازمینِ حج کو اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت
پروفیسر فاروق افضل نے عزم کا اظہار کیا کہ معیار، تحقیق، نظم و ضبط اور انسانیت کی خدمت کے سفر کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ امیر الدین میڈیکل کالج، پی جی ایم آئی اورلاہور جنرل ہسپتال کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ایک مثالی طبی و تعلیمی ادارہ بنایا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر فیکلٹی ممبران اور انتظامیہ نے کیک کاٹا اور ادارے کی ترقی اور مریضوں کی خدمت کے مشن کو مزید مؤثر بنانے کا عزم کیا۔