دبئی سفر کرنے والے مسافروں کیلئے خوشخبری، مفت لگژری رہائش کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امارات ایئر لائن نے موسمِ گرما کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کے لیے خصوصی پیشکش متعارف کروا دی ہے جس کے تحت دبئی جانے یا وہاں 24 گھنٹے سے زائد قیام کرنے والے مسافر مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس خصوصی آفر سے استفادہ کرنے کے لیے مسافروں کو 22 جون سے 12 جولائی کے درمیان اپنے واپسی کے ٹکٹ بک کروانے ہوں گے، جبکہ سفر کی مدت 25 جون سے 30 ستمبر کے درمیان ہونی چاہیے۔
ایئر لائن کے اعلان کے مطابق فرسٹ کلاس اور بزنس کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو دبئی کے معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں دو راتوں کے مفت قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
دوسری جانب پریمیئم اکانومی اور اکانومی کلاس کے مسافر ایک رات مفت فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کر سکیں گے،امارات ایئر لائن کا کہنا ہے کہ اس مہم کا مقصد دبئی میں سیاحت کو فروغ دینا، بین الاقوامی مسافروں کو شہر کے منفرد تجربات سے روشناس کرانا اور انہیں زیادہ وقت دبئی میں گزارنے کی ترغیب دینا ہے۔
اس خصوصی پیکج کے تحت مسافروں کو ایک رعایتی پروگرام تک بھی رسائی حاصل ہوگی، جس کے ذریعے دبئی بھر میں 600 سے زائد ریسٹورنٹس، شاپنگ مراکز، تفریحی مقامات اور اسپا سہولیات پر خصوصی رعایتیں دی جائیں گی۔
سیاحتی ماہرین کے مطابق موسمِ گرما میں متعارف کرائی جانے والی ایسی پیشکشیں نہ صرف سیاحت کے شعبے کو تقویت دیتی ہیں بلکہ بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفر کو مزید پرکشش اور معاشی طور پر فائدہ مند بھی بناتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے لیبیا کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر اِن چیف کی ملاقات