پاک فوج قومی استحکام کا ستون ،پاک چین دوستی کی مضبوط محافظ ہے،چینی وزیر خارجہ 

Aug 24, 2025 | 18:31:PM
پاک فوج قومی استحکام کا ستون ،پاک چین دوستی کی مضبوط محافظ ہے،چینی وزیر خارجہ 
کیپشن: فیلڈ مارشل عاصم منیر اور چینی وزیر خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور) چینی وزیرخارجہ وانگ ای کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات پر چین کی وزارت خارجہ نے بیان جاری کردیا۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ ای کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوج قومی استحکام کا ستون اور پاک چین دوستی و تعاون کی مضبوط محافظ ہے،پاکستانی فوج نے ہمیشہ دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاقِ رائے پر عمل درآمد کی بھرپور حمایت کی ہے، 

وانگ ای کا مزید کہناتھا کہ دنیا میں پیدا ہوتے ہوئے غیر یقینی حالات میں مضبوط پاک چین تعلقات کو فروغ دینا علاقائی امن و استحکام کیلئے نہایت سودمند ہے، چین نے ہمیشہ اپنی پڑوسی سفارت کاری میں پاکستان کو اولین ترجیح دی ہے، وقت کے کڑے امتحانات کے باوجود پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں، دونوں ممالک ایک مضبوط روایتی دوستی قائم کر چکے ہیں، چین پاکستان کی علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ میں بھرپور تعاون جاری رکھے گا،چین عالمی امور میں پاکستان کے بڑے کردار کا خیرمقدم کرتا ہے۔

 چینی وزارت خارجہ کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ؛ چین پاکستان کا "آہنی دوست" ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہے ہیں،پاک چین سٹریٹجک شراکت داری چٹان کی طرح مضبوط ہے،چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم رکھنا پورے پاکستانی قوم کا متفقہ موقف ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے  پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی میں قیمتی تعاون پر چین کی قیادت سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی فوج انسداد دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون کو فعال طور پر فروغ دینے کیلئے تیار ہے، پاکستان میں چینی اہلکاروں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت یقینی بنانے کی کوشش جاری رہے گی، پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات اور ترقی کی راہ پر سفر جاری رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا اورجنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ون ڈے کا نتیجہ بھی آ گیا