والدین اپنی مادری زبانوں کو نظر انداز نہ کریں،صبا حمید کامشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ صبا حمید نے والدین کو بچوں کی تربیت میں مادری زبان کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیدیا ۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینئراداکارہ نے کہا والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں میں بچوں کو مادری زبان ضرور سکھائیں اور اسے روزمرہ گفتگو کا حصہ بنائیں, پنجابی، پشتو، بلوچی اور دیگر علاقائی زبانیں صرف بول چال کا ذریعہ نہیں بلکہ ثقافتی شناخت کی علامت ہیں جنہیں محفوظ رکھنا ہر گھرانے کی ذمہ داری ہے، ان زبانوں کو ترک کر کے مکمل طور پر دیگر زبانوں کو اپنانا ثقافتی ورثے کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
سینئراداکارہ نے اپنی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ایسے ماحول میں پلی بڑھیں جہاں پنجابی زبان عام طور پر بولی جاتی تھی، جس کی بدولت انہیں اس زبان پر عبور حاصل ہوا، جبکہ ان کے والد پیشے کے لحاظ سے صحافی تھے، یہی ابتدائی لسانی تربیت ان کی شخصیت اور ابلاغی صلاحیتوں کی تشکیل میں معاون ثابت ہوئی۔
صبا حمید نے مزید کہا کہ بچوں کو متعدد زبانیں سکھانا ان کی ذہنی نشوونما کے لیے نہایت مفید ہےکیونکہ اس سے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت، ذہنی لچک اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، ان کے اپنے بچے بھی پنجابی زبان میں روانی رکھتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ گھریلو سطح پر لسانی ورثے کے فروغ کو اہمیت دیتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:خواتین شریکِ حیات پر غیر ضروری شک سے گریز کریں؛صبافیصل
آخر میں صبا حمید نے زور دیا کہ والدین اپنی مادری زبانوں کو نظر انداز نہ کریں کیونکہ یہی زبانیں ثقافت، شناخت اور نسل در نسل تعلق کو مضبوط بنانے کا ذریعہ ہیں۔