نواز شریف کی 2 نیب کیس میں سزا کیخلاف اپیل بحالی کیلئے درخواست دائر

Oct 23, 2023 | 11:03:AM
 قائد مسلم لیگ ن نواز شریف جاتی عمرہ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہونگے۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(دلاور حسین) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق  وزیراعظم نواز شریف نے ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا  کے خلاف اپیلیں  بحال کرنے کی درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دیں۔ 

وکیل امجد پرویز نے نواز شریف کی جانب سے اپیل بحالی کیلئے درخواست دائر کی۔   درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیلوں کو بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔ یاد رہے کہ  سابق وزیراعظم  نواز شریف ایون فیلڈ  اور  العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں اور 10 سال تک عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔

نواز شریف نے 21 اکتوبر کو 4 سال بعد وطن واپسی پر اسلام آباد ائیرپورٹ کے لاؤنج میں اپنے وکلا سے مشاورت کی تھی اور اپیلیں بحال کرانے کی درخواستوں پر دستخط کیے تھے۔ 

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر  مشتمل ڈویژن بینچ  نے  نواز شریف کے علاج کے لیے بیرون ملک جانے کے بعد عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کی اپیلیں عدم پیروی پر خارج کر دی تھیں۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس ،عمران خان،شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد

واضح رہے کہ عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کے شریک ملزمان مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی سزا کالعدم قرار دے کر نیب ریفرنس سے باعزت بری کرنے کا فیصلہ سنایا تھا جبکہ  عدالت نے نواز شریف کی اپیلیں ان کے اشتہاری ہونے کے باعث خارج کرتے ہوئے فیصلے میں لکھا تھا کہ اگر  اتھارٹیز انہیں پکڑیں یا وہ سرینڈر کر دیں تو اپیلیں بحال کرانے کی درخواست دائر کرسکتے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 24 اکتوبر تک نواز شریف کو حفاظتی ضمانت دے رکھی ہے اور ساتھ ہی گرفتاری سے بھی روک رکھا ہے۔