ایران کے بینکنگ سسٹم پر سائبر حملہ، آن لائن سسٹم بیٹھ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) ایران کے بینکنگ سسٹم پر مبینہ سائبر حملے کے باعث ملک بھر میں آن لائن اور کارڈ سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سائبر حملے کے نتیجے میں اے ٹی ایم مشینیں، پوائنٹ آف سیل (POS) سسٹمز اور موبائل بینکنگ ایپس کا نظام عارضی طور پر متاثر ہوا، جس سے صارفین کو مالی لین دین میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ صورت حال کے پیش نظر ایرانی سائبر سیکیورٹی حکام نے احتیاطی طور پر بعض بینکوں کی کارڈ سروسز کو عارضی طور پر آف لائن کر دیا ہے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس واقعے کی نوعیت، شدت اور ممکنہ ذمہ داران کے حوالے سے باضابطہ تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آئیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس حالیہ اعلان کا بھی حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے ایران کے منجمد فنڈز کی واپسی سے متعلق بات کی تھی، تاہم دونوں واقعات کے درمیان براہ راست تعلق کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات