" دنیا کو وسائل کی  منصفانہ تقسیم کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا ہو گی"،وزریراعظم

Jun 23, 2023 | 00:38:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی صورتحال سے نمٹنے کیلئے قدامات پر زور دیتے ہوئے کہا  کہ" دنیا کو وسائل کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا ہوگی۔"

تفصیلات کے مطابق پیرس میں منعقدہ نئے عالمی مالیاتی معاہدے سے متعلق سربراہی سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ سمٹ کے بہترین انعقاد پر فرانسیسی صدر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،موسمیاتی تبدیلی کے باعث پاکستان کو گزشتہ برس تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جس سے 20 لاکھ گھر مکمل تباہ ہوگئے جبکہ 33 لاکھ افراد بے گھر ہوئے اور ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوئیں،سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور  سیلاب سے ہونیوالی تباہی اپنی آنکھوں سے دیکھی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام نے سیلاب جیسی بڑی آفت کا بہت بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا،دیکھنا ہوگا کہ جب جنوبی ممالک مصیبت میں ہوں تو شمالی ممالک کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں،جب تک عالمی سطح پر معاشی انصاف نہیں ہوگا تودنیا خطرے سے دوچار ہوگی،ہمیں  وسائل کی  منصفانہ تقسیم کے حوالے سے پالیسی مرتب کرنا ہو گی۔

دریں اثنا وزیر اعظم نے عالمی رہنماؤں اور شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستان کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔