لکی مروت: پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک

Feb 23, 2023 | 11:10:AM
لکی مروت: پولیس اور سی ٹی ڈی کا مشترکہ آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک
کیپشن: گزشتہ سال نومبر میں اسی علاقے میں دہشت گردوں نے چوکی عباسہ کی پولیس موبائل گاڑی پرحملہ کیا تھا جس میں پولیس کے 6 جوان شہید ہو گئے تھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) خیبرپختونخواء کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

لکی مروت پولیس کے ترجمان شاہد حمید نے بتایا کہ پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف بم حملوں اور دہشتگردی کی وارداتوں میں ملوث دہشتگردوں کی تھانہ ڈاڈیوالہ کی حدود میں موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ دہشتگرد چوکی عباسہ پر حملے کا منصوبہ بنارہے ہیں، جس پر لکی مروت پولیس اور سی ٹی ڈی بنوں کی ٹیم دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیلئے پہنچی تو دہشتگردوں نے پولیس پارٹی پر کئی اطراف سے فائرنگ شروع کردی۔

پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی، کافی دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ رکنے پر پولیس نے تلاش شروع کی تو 6 دہشتگرد مارے جا چکے تھے، جن کے پاس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دستی بم بھی ملے۔

یہ بھی پڑھیے: شمالی وزیرستان، سپن وام میں فورسز کیساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد ہلاک

پولیس ترجمان کے مطابق مارے گئے 6 مبینہ دہشت گردوں میں چار کی شناخت ضیا اللہ عرف کوچی ولد داود، صفت اللہ عرف ڈرون ولد حیات اللہ، محیب اللہ ولد شریف اور کلیم اللہ عرف فقیر ولد امیرنواز سے ہوئی جبکہ باقی ہلاک 2 دہشتگردوں کی شناخت کی جارہی ہے۔

پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ہلاک دہشتگرد پولیس پرحملوں اور دہشتگردی کے واقعات میں لکی مروت پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی کو مطلوب تھے۔

واضح رہے گزشتہ سال نومبر میں اسی علاقے میں دہشت گردوں نے چوکی عباسہ کی پولیس موبائل گاڑی پرحملہ کیا تھا جس میں پولیس کے 6 جوان شہید ہو گئے تھے۔