ایران کیساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کے خواہاں ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب

Apr 23, 2024 | 18:15:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں، پنجاب کی لائیو سٹاک مارکیٹ میں ایرانی سرمایہ کاری کا خیر مقدم بھی کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اؤل سے ملاقاتیں کی، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سینیٹر پرویز رشید، وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر سیکنڈری ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق، صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین، صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری شافع حسین، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران مواحدفر اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں ایرانی صدر ابرہیم رئیسی اور وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، ایران سے آنے والے وفد کی روایتی دیسی کھانوں سے تواضع کی گئی، وزیراعلیٰ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اؤل جمیلہ علم الہدیٰ کا لاہور آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو اور دیگر وفد کو لاہور میں خوش آمدید بھی کہا، وزیراعلیٰ نے اسلامی انقلاب کی 45ویں سالگرہ پر مبارکباد بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیخلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں ابتک کتنے گواہوں کے بیان قلمبند ہو چکے؟

دوسری جانب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور خاتون اؤل جمیلہ علم الہدیٰ نے پرتپاک استقبال پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاک ایران دوستی کی تاریخ عشروں پر محیط ہے، ایران کے ساتھ غربت کے خاتمے کیلئے اقتصادی منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں،  صنعتی، زرعی ترقی کیلئے  دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے،  پنجاب کی ویلیو ایڈڈ لائیو سٹاک مارکیٹ میں ایران کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے، ایف ایم ڈی زونز کے قیام اور حلال گوشت کی برآمد سے دونوں ممالک کثیر زرمبادلہ حاصل کر سکتے ہیں، پنجاب میں ماحول دوست گرین انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، ایران کے عوام کی خوشحالی اور امن و سکون کیلئے دعاگو ہوں۔