پا کستان بمقابلہ زمبابوے۔۔میچ کا ایسا رزلٹ جو شاہینوں نے کبھی سو چا بھی نہ تھا

Apr 23, 2021 | 18:04:PM
پا کستان بمقابلہ زمبابوے۔۔میچ کا ایسا رزلٹ جو شاہینوں نے کبھی سو چا بھی نہ تھا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)زمبابوے نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی پوری ٹیم کو صرف 99 رنز پر آئوٹ کرکے باآسانی 19 رنز سے شکست دے دی اور سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی۔
 تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بائولنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔زمبابوے کو 19 کے مجموعی پر پہلی وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا اور کپتان برینڈن ٹیلر 5 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوگئے۔اس کے بعد تناشے کموہکاموے کا ساتھ دینے تدیوناشے مرومانی کریز پر آئے تاہم 13 رنز بنانے کے بعد ارشد اقبال نے ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔تناشے کموہکاموے میزبان ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 34 رنز کی اننگز کھیلی، ریجِس چاکبوا 18 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور دانش عزیز نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، ارشد اقبال، حارث رئوف اور عثمان قادر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ہدف کا تعاقب سست روی سے کیا اور 5 اوورز میں محض 21 رنز بنائے۔محمد رضوان 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، جس کے بعد فخر زمان 7 گیندوں پر 2 رنز بنا سکے۔تجربہ کار آل رائونڈر محمد حفیظ سیریز میں ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 56 کے مجموعے پر صرف 5 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جس کے لیے انہوں نے 10 گیندوں کا سامنا کیا۔کپتان بابراعظم کی ہمت بھی 78 کے اسکور پر جواب دے گئی، وہ پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے، انہوں نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

آصف علی کی ناکامیوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوسکا اور وہ ایک مرتبہ پھر ٹیم کے کام نہ آسکے اور اہم وقت پر صرف ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، جس کے بعد فہیم اشرف بھی دبائو برداشت نہیں کر پائے اور 19 ویں اوور میں 87 کے اسکور پر 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔دانش عزیز صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کر پائے اور سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جس میں صرف ایک چوکا شامل تھا۔نوجوان بلے باز ایک ایسے موقع پر ٹیم کے لیے بہتر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جب آخری اووورز میں برق رفتاری سے رنز بنانے تھے۔پاکستان کی ٹیم آخری اوور میں 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور میچ 19 رنز سے ہار گئی۔آخری اوور میں حارث رئوف 6، عثمان قادر اور ارشد اقبال صفر پر آئوٹ ہوگئے۔اس طر ح میچ کا وہ رزلٹ آیا جو شا ہینوں نے کبھی سو چا بھی نہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی کل کراچی پرواز