سٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا نمایاں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد مرکزی بینک کے ذخائر 21 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ پاکستان یورو بانڈ کی وصولیوں کے باعث ہوا، مرکزی بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق کمرشل بینکوں کے ذخائر کو شامل کرنے کے بعد ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ ڈالر ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق زیر گردش خبروں کی وضاحت بھی جاری کردی ہے۔
سٹیٹ بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 10 روپے کے نوٹ کی بندش سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں، اس حوالے سے عوام کسی افواہ پر کان نہ دھریں۔
اعلامیے کے مطابق سٹیٹ بینک کی نئے ڈیزائن کے نوٹوں سے متعلق تجویز وفاقی کابینہ میں زیر غور ہے، تاہم فی الحال کسی بھی مالیت کے نوٹ کی تبدیلی یا بندش کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ نئے نوٹوں کے اجرا یا موجودہ نوٹوں کی بندش سے متعلق حتمی فیصلہ ہونے کی صورت میں اس حوالے سے باقاعدہ اطلاع دی جائے گی۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب 10 روپے کے نوٹ کی ممکنہ بندش سے متعلق خبریں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر گردش کررہی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:104 چالان ادا نہ کرنے والی موٹر سائیکل پکڑی گئی ، کتنی رقم واجب الادا ہے؟مالک نے سر پکڑ لیا