سوئی سدرن گیس کا کراچی کے مختلف علاقوں میں عارضی بندش کے شیڈول کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان )سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں عارضی گیس بندش کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے جس کی وجہ نیپا فلائی اوور کے قریب گیس پائپ لائن کی مرمت کی بتائی جا رہی ہے ۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ نیپا فلائی اوور کے قریب بی آر ٹی روٹ پر 20 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کا کام کیا جائے گا، جس کے باعث مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل اور بعض علاقوں میں گیس کا پریشر کم رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ کام ٹرانس کراچی کی درخواست پر بی آر ٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ سوئی گیس کی ٹیم لوئرنگ کا کام 23 مئی رات 10 بجے سے اتوار صبح 5 بجے تک مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، تاہم تکنیکی نوعیت کے باعث کام میں توسیع بھی ہو سکتی ہے اور مرمتی سرگرمیاں صبح 8 بجے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران لیاقت نیشنل ہاسپیٹل، آغا خان ہاسپیٹل، کراچی سینٹرل پرزن سمیت متعدد علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔
کمپنی کے مطابق سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس کا کم پریشر ہو سکتا ہے، جبکہ گلشنِ اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر، کھارادر، لیاری اور گارڈن سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی کم گیس پریشر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا ہے کہ کام مکمل ہوتے ہی صارفین کو آگاہ کر دیا جائے گا اور متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی، ادارے نے اس دوران صارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :سندھ حکومت کا عیدالاضحی پر 4 چھٹیوں کا اعلان