لاہور میں 203 ملی میٹر بارش، 95 فیصد پانی کے اخراج پر وزیراعلیٰ کی واسا ملازمین کو شاباش

Jul 22, 2023 | 20:15:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ لاہور میں صرف 5 گھنٹے میں 203 ملی میٹر بارش ہوئی اور واسا اور ضلعی انتظامیہ نے شہر میں مختلف مقامات پر جمع ہونے والے پانی کے 95 فیصد حصے کو بروقت صاف کردیا گیا۔ انہوں نے اس عمدہ کارکردگی پر واسا اور ضلعی انتظامیہ کی شاندار کاوشوں کو سراہا۔

اسلام پورہ کا دورہ کرنے کے دوران نگراں وزیراعلیٰ نے نکاسیِ آب کا جائزہ لیا اور بروقت نکاس آب پر واسا حکام کو شاباش دی۔

وزیر اعلی پنجاب نے واسا کے  ورکرز سے ہاتھ ملایا اور ان کی  حوصلہ افزائی کی۔ اہل علاقہ نے شہری انتظامیہ کے اداروں کی بہتر کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر اعلی پنجاب کا بادشاہی مسجد کا ہنگامی دورہ، تبرکات مقدسہ کی بہتری کیلئے 4 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

وزیراعلیٰ پنجاب سے ایک بزرگ شہری نے اپنا رکشہ چوری ہونے پر شکایت کی۔ انہوں نے متعلقہ پولیس اسٹیشن کے حکام کو فوری کارروائی کرکے بزرگ کا رکشہ برآمد کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اسلام پورہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ پوائنٹ تھا جہاں سے 8 گھنٹوں تک پانی نہیں نکلتا تھا۔ آج 203 ملی میٹر بارش کے باوجود انتظامیہ اور واسا کے حکام کی مسلسل کوشش سے اسلام پورہ کو کلئیر کیا گیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اسلام پورہ کے علاوہ  اندرون شہر، سرکلر روز اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے کام کا بھی جائزہ لیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے رہائشیوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کیلئے کمشنر لاہور ڈویژن کو ہدایات دیں۔

اس موقع پر سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ایم ڈی واسا بھی ہمراہ تھے۔

علی رامے

علی رامے سٹی نیوز نیٹ ورک سے وابستہ ایک سینئر تحقیقاتی رپورٹر ہیں۔ وہ 2013 سے اس گروپ سے وابستہ ہیں اور بنیادی طور پر پنجاب حکومت کے ماتحت محکموں میں تحقیقاتی اور دلچسپ  اسٹوریز کا احاطہ کرتے ہیں۔