تقررو تبادلے و توسیع؛ڈاکٹر حامد عتیق سرور کی کنٹریکٹ تقرری میں مزید ایک سال کی توسیع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک)وفاقی بیوروکریسی میں تقرر و تبادلوں اور کنٹریکٹ میں توسیع کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز کے مطابق گریڈ 22 کے ریٹائرڈ افسر ڈاکٹر حامد عتیق سرور کی ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ممبر (اسٹریٹجک ٹرانسفارمیشن) کے عہدے پر کنٹریکٹ تقرری میں مزید ایک سال کی توسیع کی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق توسیع 18 اگست 2026 سے ایک سال کیلئے مؤثر ہے۔
علاوہ ازیں، ایڈیشنل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سید معظم علی کو ان کی موجودہ ذمہ داری کے ساتھ اضافی طور پر ریکٹر، نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی لاہور کا کرنٹ چارج تفویض کیا گیا ہے۔
مزید برآں جوائنٹ سیکریٹری داخلہ ڈویژن اخلاق احمد قریشی کا تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے ڈسپوزل پر موجود اعجاز احمد باجوہ کو تبدیل کر کے جوائنٹ سیکریٹری، پیٹرولیم ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔
مزید برآں، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، گریڈ 19 کے سندھ حکومت میں تعینات اسد علی خان کو تبدیل کر کے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دریں اثناء، ڈپٹی سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن طاہرہ سلیم کو 2 سال کیلئے بیرون ملک تعلیمی رخصت پر روانگی کے باعث اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے، دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق محکمۂ صحت خیبرپختونخوا حکومت کی میڈیکل افسر ڈاکٹر صالحہ سید کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر فیڈرل میڈیکل کالج، اسلام آباد کے سپرد کی گئی ہیں جبکہ پنجاب حکومت کے گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سینٹر میں سائیکالوجسٹ ماریہ حسن کی خدمات 3 سال کیلئے ڈیپوٹیشن پر بطور لیکچرار، فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (کینٹ اینڈ گیریژن) ڈائریکٹوریٹ، راولپنڈی کے سپرد کی گئی ہیں۔