پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون: اوجی ڈی سی ایل نے کنگز مین اکیڈمی کو 9وکٹوں سے ہرا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افتخار احمد)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کا دوسرا راؤنڈ اختتام پذیر ہو گیا ، کھیل کے چوتھے روز اوجی ڈی سی ایل نے کنگز مین اکیڈمی کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ۔
اوجی ڈی سی ایل نے دن کے آغاز پر مزید درکار 36 رنز سکور کرکے 121 کا ہدف بآسانی حاصل کرلیا ،اوجی ڈی سی ایل کے اوپننگ بلے باز وقار احمد نے ناقابل شکست 75 رنز کی اننگز کھیلی۔
کے آر ایل اور ایم آئی ٹی سلیوشنز، پی ٹی وی اور سٹیٹ بینک کے میچز ڈرا ہوگئے،شعیب اختر سٹیڈیم راولپنڈی میں کے آر ایل کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں پانچ آؤٹ 423 رنز سے دن کا آغاز کیا۔
کے آر ایل کی ٹیم ایم آئی ٹی کے خلاف پہلی اننگز میں 490 پر آل آؤٹ ہوگئی، فہیم اشرف 69 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ، کے آر ایل کو پہلی اننگز میں 170 رنز کے خسارے کا سامنا ہے ۔
ایم آئی ٹی کی ٹیم دوسری اننگز میں پچاس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی، کے آر ایل کے کپتان افتخار احمد نے آٹھ اوورز میں 18 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں، افتخار احمد نے فرسٹ کلاس کیریئر میں تیسری مرتبہ ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں۔
ایبٹ آباد میں اسٹیٹ بینک نے سوموار کی صبح دوسری اننگز کا آغاز 84 رنز پر چار آؤٹ اور 48 رنز کی برتری سے کیا،سٹیٹ بینک کے کپتان غازی غوری، عابد علی اور کاشف بھٹی نے نصف سنچریاں سکور کر کے پی ٹی وی کی جیت کی اُمید ختم کی۔
سٹیٹ بینک نے دوسری اننگز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز پر ڈکلیئر کی اور پی ٹی وی کو جیتنے کے لیے 27 اوورز میں 293 رنز کا ٹارگٹ دیا ،پی ٹی وی نے جواب میں 12 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 64 رنز بنائے۔
ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کا آغاز جمعرات کو اسلام آباد، ایبٹ آباد اور پشاور میں ہوگا ،ٹورنامنٹ کے شعیب اختر سٹیڈیم راولپنڈی میں ہونے والے بقیہ میچز نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے ، شعیب اختر سٹیڈیم راولپنڈی میں گریڈ ٹو گولڈ کے میچز کھیلے جائیں گے ۔
پوائنٹس ٹیبل پر دو راؤنڈز کے بعد غنی 36 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، اوجی ڈی سی ایل 31 کے ساتھ دوسرے اور پی ٹی وی 22 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سےملاقات