ٹرمپ اور مودی فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے ذمہ دار ہیں: بھارتی اداکار پھٹ پڑے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) بھارت کے معروف اداکار پراکش راج نے فلسطین میں جاری نسل کشی کا ذمہ دار اسرائیل کے ساتھ امریکا اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی ٹھہرا دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چنئی میں 19 ستمبر کو اسرائیل کی جانب سے فلسطین میں جاری نسل کشی کے خلاف ایک بڑے احتجاجی جلوس اور عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں ریاست تامل ناڈو کی مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں نے حصہ لیا۔
اس مظاہرے میں معروف بھارتی اداکار ستھیاراج اور پراکش راج جبکہ فلم ساز ویتری ماران سمیت کئی رہنما اور شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
مزید پڑھیں:غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 80 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے
اداکار پراکش راج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع انسانیت کے لیے آواز بلند کرنے والوں کا ہے۔اگر ناانصافی کے خلاف بولنا سیاست کہلاتا ہے، تو ہاں یہ سیاست ہے اور ہم بولیں گے۔
انہوں نے ایک نظم سنائی کہ 'جنگیں ختم ہو جائیں گی، لیڈر ہاتھ ملا کر چلے جائیں گے لیکن کہیں ایک ماں اپنے بیٹے کا انتظار کرے گی، ایک بیوی شوہر کا، اور بچے اپنے والد کا۔ یہی سچ ہے۔
اداکار پراکش راج نے اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکا اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج فلسطین میں جو نا انصافی ہو رہی ہے، اس کی ذمہ داری صرف اسرائیل پر نہیں بلکہ امریکا پر بھی ہے اور مودی کی خاموشی بھی اتنی ہی ذمہ دار ہے۔