فیشن ڈیزائنراور اسٹائلسٹ آمنہ انعام کا مصر میں فیشن ویک کرنے کا اعلان
دنیا کے بڑے فیشن پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز،تھیلسیمیا مریضوں کیساتھ بھی فیشن شوکروں گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بین الاقوامی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنراور اسٹائلسٹ آمنہ انعام نے مصر میں فیشن ویک کرنے کا اعلان کردیاجویکم جون سے سات جون تک مصرکے شہرشرم الشیخ میں ہوگا۔
لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آمنہ انعام نے کہا کہ مصر میں ہونے والے فیشن ویک کے بعد پاکستان میں بھی فیشن ویک ہوگا۔
آمنہ انعام نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں، تخلیقی سوچ اور ثقافتی حسن سے مالا مال ملک ہے اور پاکستانی نوجوان اگر محنت، مستقل مزاجی اور خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں تو عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں،پاکستان میں این جی اوز کے ساتھ بھی کام کروں گی ، میں نے سندس فاؤنڈیشن کا وزٹ کیا ہے،تھیلسیمیا کے مریضوں کے ساتھ ایک فیشن شو کرنے کا ارادہ ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران آمنہ انعام نے اپنے بین الاقوامی فیشن سفر، عالمی کامیابیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی، پریس کانفرنس میں لاہور پریس کلب کی نائب صدر مدیحہ الماس ، جوائنٹ سیکرٹری عمران شیخ، محسن جعفر ، عاطف انصاری اور عاکب انصاری سمیت شوبز، فیشن، میڈیا اور سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات بھی موجود تھیں۔

آمنہ انعام نے کہا کہ انہیں لندن فیشن ویک،پیرس فیشن ویک،میلان فیشن ویک،دبئی فیشن ویک اورنیویارک فیشن ویک جیسے دنیا کے بڑے فیشن پلیٹ فارمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہواہے جہاں ان کے ملبوسات اور تخلیقی ڈیزائنز کو بین الاقوامی سطح پر بے حد سراہا گیا۔ نیویارک فیشن ویک میں انہیں ’’بیسٹ پرفارمنس ایوارڈ‘‘سے بھی نوازا جا چکا ہے جبکہ حال ہی میں ان کے ڈیزائنز کو پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے خصوصی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ملبوسات کو پاکستان سمیت بھارت اور دیگر ممالک کی معروف شخصیات نے بھی زیب تن کیاہے، معروف اداکار عمران عباس، بھارتی گلوکار گورورندھاوااور مس یونیورس Harnaaz Sandhu کی جانب سے ان کے ڈیزائنز کی ماڈلنگ نے عالمی فیشن انڈسٹری میں پاکستانی فیشن کو نئی پہچان دی،میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اپنے ڈیزائنز میں پاکستانی ثقافت، روایتی رنگوں اور مشرقی و مغربی فیشن کے حسین امتزاج کو اجاگر کروںتاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت اور خوبصورت تشخص سامنے آسکے۔
آمنہ انعام نے کہا کہ وہ اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران مختلف ثقافتی تقریبات، خواتین کی فلاح و بہبود کے پروگرامز اور فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کر رہی ہیں، فیشن صرف خوبصورتی کا نام نہیں بلکہ یہ ثقافت، شناخت اور معاشرتی شعور کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے نوجوان فیشن ڈیزائنرز کو مشورہ دیا کہ وہ جدید عالمی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھیں مگر اپنی ثقافتی شناخت اور مشرقی روایات کو ہرگز فراموش نہ کریں کیونکہ یہی چیز پاکستانی فیشن کو دنیا بھر میں منفرد بناتی ہے،دنیا میں جہاں جہاں فیشن ویک منعقد ہوتے ہیں ہم ان کے پراڈکٹ کو سیل کرنے میں آسانی پیدا کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ریا چکرورتی کا سوشل میڈیا سے دوری کا اعلان
پریس کانفرنس کے اختتام پر آمنہ انعام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی عالمی سطح پر پاکستانی فیشن، ثقافت اور نوجوان ٹیلنٹ کو متعارف کروانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی جبکہ فلاحی اور سماجی سرگرمیوں میں بھی بھرپور انداز میں حصہ لیتی رہیں گی۔