’’شاہ چارلس چل بسے‘‘غلط خبر نشر ہونے پر برطانوی ریڈیو کی معافی

May 21, 2026 | 09:31:AM
’’شاہ چارلس چل بسے‘‘غلط خبر نشر ہونے پر برطانوی ریڈیو کی معافی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)برطانیہ کے معروف ریڈیو اسٹیشن ’’ریڈیو کیرولائن‘‘ نے کمپیوٹر خرابی کے باعث غلطی سے شاہ چارلس سوم کی وفات کا اعلان نشر کرنے پر معذرت کرلی۔

 ریڈیو انتظامیہ کے مطابق تکنیکی خرابی کے نتیجے میں بادشاہ کی وفات سے متعلق ہنگامی نشریاتی طریقۂ کار خودکار طور پر فعال ہوگیا، جس کے بعد اسٹیشن کچھ وقت کے لیے خاموش بھی رہا۔

ریڈیو کیرولائن کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ منگل کی دوپہر مشرقی ایسکس کے شہر مالڈن میں قائم مرکزی سٹوڈیو میں کمپیوٹر خرابی کے باعث یہ غلط اعلان نشر ہوا۔

اسٹیشن منیجر پیٹر مور کے مطابق تکنیکی خرابی کے نتیجے میں وہ خصوصی طریقۂ کار متحرک ہوگیا جو برطانیہ کے تمام نشریاتی ادارے بادشاہ یا ملکہ کی وفات کی صورت میں استعمال کے لیے تیار رکھتے ہیں، اگرچہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس کی ضرورت پیش نہ آئے۔

مزید پڑھیں:’’مکار مداری والا‘‘ناروے کے اخبار میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کارٹون شائع

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ پروٹوکول فعال ہونے کے بعد ریڈیو کی نشریات بھی وقتی طور پر معطل ہوگئیں، جس سے انتظامیہ کو صورتحال کا علم ہوا۔ بعد ازاں نشریات بحال کرکے آن ایئر معذرت نشر کی گئی۔

پیٹر مور نے کہا کہ ریڈیو کیرولائن کو ماضی میں ملکہ الزبتھ دوم اور اب شاہ چارلس کے کرسمس پیغامات نشر کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے اور ادارہ مستقبل میں بھی یہ روایت جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم اس غلطی سے ہونے والی پریشانی پر شاہ معظم اور اپنے سامعین سے معذرت خواہ ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب شاہ چارلس اور ملکہ کیملا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ایک آئرش فوک میوزک گروپ کی پرفارمنس میں شرکت بھی کی۔