انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت مزید بڑھے گی، بچت اپنائیں؛ وزیر پٹرولیم کی وارننگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کل چاند رات کو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تباہ کن اضافہ کی سرکاری تجویز کو مسترد کرنے کا اعلان کیا لیکن آج پٹرولیم کے وزیر علی پرویز ملک اور اطلاعات کے وزیر عطا تارڑ نے بتا دیا ہے کہ انترنیشنل مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔ دونوں نے یہ کہنے سے گریز کیا کہ پاکستان میں ایک ہفتے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھے گی لیکن دونوں نے عوام کو پٹرول، ڈیزل وغیرہ کی بچت کرنے کی نصیحت کی۔
وزیر اعظم نے دراصل یہی کہا تھا کہ ان کی حکومت اس ہفتے پٹرول ڈیزل کی قیمت نہ بڑھانے کے نتیجے میں لاگت کا بوجھ خود برداشت کرے گی۔ انہوں نے بالواسطہ یہی بتایا تھا کہ وہ قومی خزانے پر بوجھ ڈال کر پٹرول ڈیزل کی موجودہ قیمت ایک ہفتے تک ہی برقرار رکھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: بھارت : پیٹرول کی قیمت میں اضافہ
آج اسلام آباد میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے عطا تارڑ کے ساتھ بیٹھ کر پریس کانفرنس کی اور اس میں صحافیوں کو بتایا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمتوں کے تناسب سے پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے۔ اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 250روپے فی لٹر کا اضافہ روکاگیا۔ لیکن عطا تارڑ نے واضح کیا کہ آنے والے دنوں میں انٹرنیشنل مارکیٹ میں کروڈ آئل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، دونوں منسٹرز نے عوام کو نصیحت کی کہ ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
پٹرولیم کے وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسی پر عمل کر کے حکومت نے کفایت شعاری کی، اس کفایت شعاری کے باعث اس ہفتے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے آگے بند باندھاگیا۔ وزیراعظم نے عید کی خوشیوں کومد نظر رکھتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھ۔ حکومت اور عوام دونوں کو توانائی کی بچت میں بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام کو بھی مکمل ذمہ داری کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشاورت سے مضبوط نظام قائم کریں گے، حکومت کمزور طبقے کا مضبوط سہارا بننا چاہتی ہے، ہم سب کو مل کر ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: مٹی کا تیل 428 روپے فی لٹر؛ غریب صارفین کو حکومت کی طرف سے عید مبارک!
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی کے حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کیاجاتا ہے، ہمیں ہرحال میں تیل کی بچت کو ممکن بنانا ہے، اس ہفتے پیٹرول کی قیمت میں 150 اور ڈیزل کی قیمت میں 250روپے اضافہ روکاگیا۔
انہوں نے کہا کہ آنے والےدنوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مزید اوپرجاسکتی ہیں، ہم سب کو مل کر بچت کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتین پٹرول، ڈیزل کی بچت کرنے کے لئے جو سخت اقدامات کر سکتی ہیں وہ تقریباً کر چکی ہیں۔ ان اقدامات سے جتنی بچت ہوئی اس سے عوام کو صرف محدود ریلیف دینا ہی ممکن ہے، کروڈ پٹرولیم کی انٹرنیشنل مارکیٹ میں قیمت مزید بڑھی تو حکومت کے لئے قیمت کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے لئے مزید سبسڈی دینا آسان نہیں ہو گا۔
مبصرین نے بتایا کہ واشنگٹن میں آج ٹرمپ انتظامیہ کے منصوبوں کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں سے یہ عیاں ہے کہ ایران جنگ جلد رکنے کا کوئی امکان نہیں اور آبنائے ہرمز کو جلد کھولنا بھی آسان نہیں۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، قطر اور بحرین سب ملکوں کی آئل اور گیس کی تنصیبات براہ راست ایرانی میزائلوں کے حملوں کا نشانہ بنی ہیں۔ اس عمل سے کروڈ آئل کی دنیا کو ایکسپورٹ مزید سکڑنے کا شدید احتمال ہے جس کا کروڈ آئل کی مارکیت پر خوفناک اثر مرتب ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: امریکہ ایران میں فوج بھیجنے کا منصوبہ بنا چکا ہے، امریکی نیوز آؤٹ لیٹ کا انکشاف
مبصرین نے کہا کہ عوام اپنی آمد و رفت کو محدود کر کے پٹرول اور ڈیزل کی کافی بچت کر سکتے ہیں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے فی لٹر اضافہ کے بعد اب تک عوام نے اپنی حد تک پٹرول، ڈیزل کی بچت کرنے کے لئے کوئی سرگرمی نہیں دکھائی، سڑکوں پر ہر طرح کی گاڑیوں کا اژدھام پہلے کی طرح ہی نظر آ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: ٹرمپ نےایران میں جنگ بندی کے امکان کو مسترد کردیا