10 سالہ بچی سے زیادتی کے مجرم کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(امانت گشکوری)سپریم کورٹ نے 10 سالہ بچی سے زیادتی کے مجرم یونس مسیح کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
جسٹس صلاح الدین پنہور نے تحریری فیصلہ جاری کیا، مجرم کی سزائے موت عمر قید میں تبدیل کردی گئی ،تاہم تین لاکھ روپے جرمانے اور چھ ماہ اضافی قید کی سزا برقرار رکھی گئی ہے۔
اینٹی ریپ ایکٹ کے تحت متاثرہ بچی کو ایک لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی برقراررکھاگیاہے۔
فیصلے میں کہاگیاہے کہ تعلیمی اداروں اور راستوں میں طالبات کو تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے،تمام صوبائی آئی جیز اور آئی جی اسلام آباد تعلیمی اداروں کے باہر پولیس گشت بڑھائیں، آئی جیز اسکولوں،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بچیوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کریں،خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کی شکایات پر پولیس بغیر کسی تاخیر کے فوری کاروائی کرے۔
فیصلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سندھ میڈیکل لیگل ایکٹ 2023 کی طرز پر جدید میڈیکل لیگل سروس قائم کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق شیخوپورہ کے ہاؤسنگ کالونی سکول میں سویپر نے 10 سالہ طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا،میڈیکل رپورٹ میں بچی کے جسم پر زخموں کے نشانات اور زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:گھریلو ناچاکی پر شوہر نے بیوی کو قتل کر دیا
عدالت نے فیصلے میں کہاکہ فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ میں سیمن برآمد نہ ہونا مقدمے کو ختم نہیں کرتا،جرم کے تین دن بعد ایف آئی آر کے اندراج کی تاخیر اس کیس میں شک کا فائدہ نہیں بنتی، واقعہ کے بعد سکول انتظامیہ نے معاملے کو چھپانے کی کوشش کی اور بچی کو اسکول کے اندر ہی ڈرپ لگائی،سکول انتظامیہ کی خاموشی اور تاخیر کا نقصان مظلوم بچی اور اس کی بیوہ ماں کو نہیں پہنچایا جا سکتا،مجرم کا اسکول گیٹ پر لڑائی کا دعویٰ اور جھوٹا پھنسانے کا الزام ثابت نہ ہو سکا۔