پیٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن اورحکومت میں مذاکرات ناکام ،ہڑتال کی کال

Jul 21, 2026 | 19:57:PM
پیٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن اورحکومت میں مذاکرات ناکام ،ہڑتال کی کال
کیپشن: پیٹرول پمپ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) آل پاکستان  پیٹرول پمپ اونر ایسوسی ایشن کے وزیر پیٹرولیم سے مذاکرات ناکام  ہو گئے اورملک گیرہڑتال کی کال دیدی۔

چیئرمین ایسوسی ایشن ہمایوں خان  نے وائس چیئرمین نعمان بٹ اور صوبائی عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ آج ہمارے وزیر پیٹرولیم سے مذاکرات ہوئے ،ہمارے کمیشن اور ماہانہ کی بنیاد پر قیمتیں ہونی چاہیے ،ہمارے ڈیلرز بہت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ،ادھر اوگرا ،او ایم سیز ہیں اور ادھر حکومت ہے ،روزانہ کی قیمتیں آدھا تیتر آدھا بٹیر والی کہانی ہے ،اب یہ جان چھڑانے کیلئے عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں ۔

ہمایوں خان کاکہناتھا کہ حکومت کاروباری لوگوں کی مشکلات حل نہیں کر رہی،ہم کل رات 12 بجے سے ملک گیر ہڑتال کرنے کا اعلان کرتے ہیں ،ان کا کہناتھا کہ افسوس ہے پالیسی بننے پر ہم سے مشاورت نہیں کرتے۔

دوسری جانب  آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا اعلان کردیااور 22 جولائی کی رات 12 بجے سے ملک بھر کے تمام پٹرول پمپ بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے،وفاقی وزیر پیٹرولیم سے مذاکرات کسی مثبت نتیجے پر نہ پہنچ سکے، مارجنز میں اضافے اور روزانہ قیمتوں کے نفاذ پر مذاکرات ناکام ہو گئے، مطالبات منظور نہ ہونے تک ملک گیر ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

 ایسوسی ایشن نے تمام پٹرول پمپ مالکان کو ہڑتال میں مکمل شرکت کی ہدایت کر دی اور 22 جولائی کی رات 12 بجے سے تمام پٹرول پمپ مکمل طور پر بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔

شعیب خان، مرکزی رہنما آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی حمایت کا باضابطہ اعلان  کردیا اورحکومت سے جائز مطالبات پر مثبت فیصلے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے مطالبات تسلیم ہونے تک ہڑتال ختم نہ کرنے کے اعلان کیا،آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔

ایسوسی ایشن نے کہاکہ حکومتی غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف ہڑتال کی بھرپور حمایت کریں گے، ہڑتال کے معاملے پر پورے پاکستان کے پیٹرولیم ریٹیلرز اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں،آل پاکستان پیٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے ملک گیر اتحاد اور یکجہتی کا اظہار کر دیا،پیٹرولیم ریٹیلرز نے مطالبات کے حق میں جاری احتجاج کی مکمل تائید کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:موٹر سائیکلوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ، 2021کی فروخت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا