عمران خان ریاستی دہشتگردی کے باوجود عوامی عدالت میں ہار گئے: مریم نواز

Feb 21, 2021 | 15:05:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ میں عمران خان ووٹ چور کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کہ اس نے عوام کو اچھی طرح یہ سمجھا دیا کہ 2018 میں کس طرح عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈال کر اسے 22 کروڑ عوام کے اوپر مسلط کیا گیا۔ایک پیج پر ہونے، تمام اداروں کی سپورٹ ہونے کے باوجود، ہر چیز پر قبضہ کرنے کے باوجود پاکستانی عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدترین ریاستی دہشتگردی کےباوجود ڈسکہ سے ہارے اور بےنقاب ہوئے، انہوں نے فائرنگ کرائی، 2 جانیں لیں۔اگر پتہ ہوتاانہوں نےسیٹ کے بدلے2جانیں لینی ہیں تومسلم لیگ ن ڈسکہ کی نشست ویسے ہی انہیں دےدیتی۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈسکہ میں ہونے والے الیکشن میں پریذائیڈنگ افسران نے بکنے سے انکار کر دیا،عمران خان کے اراکین اسمبلی سیاسی مستقبل بچانے کیلئے مسکن ڈھونڈ رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ  عمران خان نہ کبھی پہلے آسکا اور نہ اب دوبارہ آئے گا۔بہت جلد تحریک انصاف کاشیرازہ بکھرنے والا ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر طرح کی انتظامیہ، پولیس کو شامل کر کے دھاندلی کا منصوبہ بنایا تھا اس پر عملدرآمد کرنے، ریاستی بدترین دہشت گردی کے باوجود یہ وہاں سے بری طرح ہارے اور یہاں سے انہیں عوام میں اپنی حیثیت کا پتا چل جانا چاہیے کہ آٹا چور، چینی چور، دوائی چور، ووٹ چور کو کس طرح عوام نے چاروں صوبوں کے ضمنی انتخاب میں بری طرح مسترد کردیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈسکہ  میں بکسے کا ہی پتا نہیں چلا اور یہ دھند کی بات کرتے ہیں۔361 پولنگ اسٹیشنز میں سے کیا یہ 20 پولنگ اسٹیشنز ہی تھے جن کے لوگوں نے غائب ہونا تھا اور دھند میں 2-4 نہیں بلکہ 12 سے 14 گھنٹوں بعد یہ آئے اور جب یہ آئے تو اچانک نتیجہ تبدیل ہوگیا اور صرف انہی 20 پولنگ اسٹیشنز کا ہوا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کل کچھ اور ویڈیوز سامنے آئیں، جس میں ایک ویڈیو میں ایک پریزائڈنگ افسر یہ بتایا رہا ہے کہ گاڑی میں سوار کچھ لوگوں نے آکر کہا کہ الیکشن کمیشن کی گاڑی میں واپس نہیں جانا بلکہ ہمارے ساتھ جانا ہے۔