کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلاناچاہتی ہے، یہ لوگ قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے: کشمیری قیادت
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24 نیوز )آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سیاسی رہنماؤں نے واضح کیا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلاناچاہتی ہے، ہمارےسیاسی اختلافات ہیں مگر پاکستان کی سلامتی ترجیح ہے۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق، پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر، پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی صدر نبیلہ ایوب اور دیگر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی موجودہ صورت حال پر بات چیت کی۔
سابق وزیراعظم سردار عتیق ے کہا کہ حالات تصادم کی جانب جانے سے روک لئے گئے ہیں، انتشار میں 3سے4ارب کا نقصان اور 17 لوگ اپنی جانوں سے گئے، انتشار پھیلانے والے قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام محب وطن ہیں، لیکن کچھ لوگوں کی جانب سے انہیں ریاست پاکستان کے خلاف اکسایا جا رہا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، پاک فوج میں بغاوت کا مطالبہ کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے انتہائی حساس علاقوں کی ذمہ داری پاک فوج نے کشمیریوں پر اعتماد کرتے ہوئے ان کے سپرد کر رکھی ہے، جو اس اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے کی نئی قیمت مقرر۔۔!
انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کی مسلح افواج حرمین شریفین کے دفاع میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں، جو پوری قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر نے کہاکہ حکومتِ پاکستان نے آزاد کشمیر کے عوام کو پاکستان کے مقابلے میں سستا آٹا اور بجلی فراہم کی۔
انہوں نے کہاکہ کالعدم ایکشن کمیٹی انتشار پھیلانے کی کوشش کررہی ہے، جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی ہے، ریاست کے 99 فیصد لوگ آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور محب وطن ہیں۔
شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ انتشار پسند عناصر نے اسپتالوں تک کو نشانہ بنایا، جبکہ پاک فوج میں خدمات انجام دینے والے کشمیریوں کو بغاوت پر اکسانے کی بات کی، جو انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والی خاتون رہنما نبیلہ ایوب نے کہاکہ پاک فوج کا جوان ہمارے ملک کی دفاعی سرحدوں کا محافظ ہے، بغاوت کا مطالبہ کرنے والوں کو سمجھ جانا چاہیے کہ ریاست کسی صورت رعایت نہیں کرےگی۔
انہوں نے کہاکہ چند گنے چنے لوگ پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کررہے ہیں، اس سے کشمیری عوام کا کوئی تعلق نہیں، انہیں خود کو الگ کرنا چاہیے۔
پریس کانفرنس کے دوران کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد اور ریاست مخالف بیانیے سے متعلق ایک ویڈیو بھی چلائی گئی جس میں تمام ثبوت پیش کیے گئے کہ کس طرح پاکستان کے خلاف زہر اگلا جا رہا ہے۔