تائیوان : چاقو بردار شخص کا حملہ،3 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آسٹریلیا میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں بھی میٹرو اسٹیشنز پر چاقو بردار شخص کے حملے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق تائیوان کے وزیرِاعظم چو جنگ تائی نے بتایا کہ 27 سالہ مشتبہ شخص نے جمعے کے روز تائی پے کے مرکزی میٹرو اسٹیشن پر سموک بم پھینکے، جس کے بعد وہ ایک مصروف شاپنگ ڈسٹرکٹ میں واقع دوسرے سب وے اسٹیشن کی طرف بھاگا اور راستے میں متعدد افراد پر چاقو سے حملے کیے۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ سفاکانہ کارروائی کے بعد حملہ آور نے پولیس کو دیکھ کر دوڑ لگا دی اور تعاقب کے دوران ایک عمارت سے گر کر ہلاک ہو گیا تاہم واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے۔
یہ حملہ شہر کے شام کے رش کے دوران پیش آیا، جس کے باعث میٹرو اور اردگرد کے علاقوں میں شدید افراتفری پھیل گئی۔
مزید پڑھیں:غزہ میں فوجی دستے بھیجنے پر غور کی پیشکش پر امریکا پاکستان کا شکرگزار ہے: مارکو روبیو
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ خوفزدہ ہو کر جان بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں جب کہ بیس بال کی ٹوپی اور سیاہ لباس میں ملبوس ایک شخص مصروف سڑک پر دھواں بم پھینکتے ہوئے دکھائی دیتا ہے۔ بعد ازاں اسی شخص کو ایک بڑا چاقو ہاتھ میں لیے گاڑیوں کے درمیان چلتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
تائیوان کے وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ حملہ آور نے تائی پے کے مرکزی اسٹیشن پر اسموک بموں کے ساتھ مولوٹوف کاک ٹیل بھی استعمال کیے۔
حملے کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تاہم وہ ایک بھاری چیز لگنے سے شدید زخمی ہوا اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد حملہ آور تقریباً 800 میٹر دور ایک اور سب وے اسٹیشن پہنچا، جہاں اس نے مزید اسموک بم پھینکے اور مزید افراد کو چاقو کے وار سے زخمی کیا۔
وزیرِاعظم چو جنگ تائی نے بتایا کہ واقعے کے بعد تائی پے کے میٹرو اور ریلوے اسٹیشنوں کے علاوہ ہوائی اڈوں پر بھی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔