شمعون عباسی نے شہریار منور کو اسکرپٹ پھینکنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا 

Apr 20, 2023 | 14:06:PM
پاکستان شوبز انڈسٹر ی کے ورسٹائل اداکار شمعون عباسی نے جھگڑے والی وائرل ویڈیو میں اسکرپٹ کو پھینکنے پر اداکار شہریار منور کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹر ی کے ورسٹائل اداکار شمعون عباسی نے جھگڑے والی وائرل ویڈیو میں اسکرپٹ کو پھینکنے پر اداکار شہریار منور کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکار شمعون عباسی نے ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا، جس میں ان کا کہنا ہے کہ اسکرپٹ کو پھینک کر اچھا کام نہیں کیا۔

شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی مرتبہ ہی شہریار کو اچھی پرفارم کرتے دیکھا اس سے قبل تو کبھی اتنی اچھی پرفارمنس نہیں پیش کی۔ شہریار نے اپنا اسکرپٹ زمین پر پھینکا جس سے ہمارا رزق جڑا ہے ۔ اللہ کا نام لے کر اس اسکرپٹ کو لکھا جاتا ہے۔

شمعون عباسی نے پرانے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو اگر ہم سیٹ پر اپنا اسکرپٹ لے جانا بھول جاتے تھے تو آپ کے ساتھی اداکار، ہدایت کار اور اسسٹنٹ آپ کو ذلیل کرتے تھے کہ آپ اپنا اسکرپٹ کیوں نہیں لائے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے سے پروجیکٹ کے لیے جس کو کہاں چلنا ہے کہاں نہیں اس کے لیے آپ نے پبلسٹی اسٹنٹ اختیار کیا۔ شمعون نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر خود کو وائرل ہی کرنے تھا تو کسی چوک پر جاکر کپڑے اتارتے گھتم گھتا ہوتے، تھوڑی ایکٹیویٹی ہوجاتی اور اس سے زیادہ ویوز مل جاتے۔

انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ مجھے بے حد مایوسی ہوئی شہریار اور سہیل جاوید نے ایسی ویڈیو بنائی۔ انہوں نے کہا کہ اگر وائرل ہونا ہے تو کوئی اور آئیڈیا لے کر آئیں، اسکرپٹ کی توہین نہ کیجئے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ شہریار منور آپ کو پورا پاکستان جانتا ہے مگر ایسی ویڈیو کے بعد کسی اور طریقے سے جانتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو خوب وائرل ہوئی جس میں شہریار منور انتہائی طیش میں دکھائی دے رہے تھے اور ہدایت کار سہیل جاوید پر کسی بات پر برستے ہوئے ان کے ہاتھ سے اسکرپٹ چھین کر نیچے پھینک دیتے ہیں۔