ایف بی آر کا خصوصی ورکنگ شیڈول جاری، دفاتر 30 جون تک کھلے رہیں گے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(وقاص عظیم) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2025-26 کے اختتام پر ریونیو ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ورکنگ شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی وصولی کے لیے تمام فیلڈ دفاتر ہفتہ اور اتوار 27 اور 28 جون 2026 کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ 29 جون بروز پیر تمام دفاتر کے اوقاتِ کار رات 8 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 30 جون 2026 کو ایف بی آر کے تمام لارج ٹیکس پیئر آفسز (LTOs)، میڈیم ٹیکس پیئر آفسز (MTOs)، کارپوریٹ ٹیکس آفسز (CTOs) اور ریجنل ٹیکس آفسز (RTOs) آدھی رات 12 بجے تک ٹیکس اور ڈیوٹیوں کی وصولی کا عمل جاری رکھیں گے۔
ایف بی آر نے ہدایت کی ہے کہ 27 جون سے 30 جون تک ٹیکس دہندگان کو ادائیگیوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ مالی سال کے اختتامی دنوں میں محصولات کی وصولی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
جاری مراسلے کے مطابق تمام چیف کمشنرز ان لینڈ ریونیو کو خصوصی اوقاتِ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 30 جون کی رات 12 بجے تک دفاتر کھلے رکھنے کا فیصلہ مالی سال کے اختتامی ریونیو اہداف کے حصول کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔
یہ بھی پڑھیں : شوبز کی کمائی حلال یاحرام؟ نعمان اعجاز کاجواب آگیا