پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابرشہزادترک)پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے ایم ڈی کیٹ 2026 کا شیڈول جاری کر دیا۔
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامزمیں داخلوں کیلئے ٹیسٹ رواں برس 16 اگست کو ہو گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ اتوار 16 اگست کو صبح 10 بجے ملک بھر میں بیک وقت ہو گا،پنجاب میں ٹیسٹ کے انعقاد کی ذمہ داری یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کو تفویض کی گئی ہے جبکہ سندھ میں سکھر آئی بی اے اور خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے سپردکی گئی ہے۔
بلوچستان میںایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انعقادکی ذمہ داری بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ کے سپردکی گئی ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان کے طلبہ کی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کے سپردکی گئی ہے۔
سعودی عرب کے شہر ریاض کے امیدواروں کیلئےبھی ذمہ داری شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اسلام آباد کو تفویض کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری سکولوں کواضافی آمدن پیدا کرنے کے منصوبے میں شامل کرنے کی تجویز
پی ایم ڈی سی کی جانب سے جاری کئے گئے پبلک نوٹس کے مطابق امیدواروں کی آن لائن رجسٹریشن 22 جون 2026 سے شروع ہو گی،معمول کی فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقررکی گئی ہے،تاخیر سے رجسٹریشن 13 جولائی 2026 تک کرائی جا سکے گی،پاکستان میں قائم ٹیسٹ سینٹرز کیلئے رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقررکی گئی ہے،لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی،بین الاقوامی ٹیسٹ سینٹر کیلئے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے مقررکی گئی ہےجبکہ بین الاقوامی سنٹر کیلئے لیٹ رجسٹریشن فیس 55 ہزار روپے مقررکی گئی ہے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق تمام فیسیں ناقابل واپسی اور ناقابل منتقلی ہوں گی،امیدوار مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن مکمل کریں اور متعلقہ یونیورسٹیوں کی ویب سائٹس سے مزید تفصیلات حاصل کرتے رہیں۔