ایران جنگ جاری رہتی تو پٹرول 6 سو روپے لیٹر ہوتا، پاکستانی قیادت 193ملکوں کی محسن ہے، احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ایران جنگ جاری رہتی تو پٹرول 6 سو روپے لیٹر ہوتا، 193 ممالک کی معیشت بیٹھ جاتی، پاکستان کی قیادت 193 ملکوں کی محسن ہے۔ یہ بات پاکستان کے منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے آج نارووال میں ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے کہی۔
وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ایران جنگ جاری رہتی تو پٹرول کی قیمت 6 سو روپے لیٹر سے اوپر چلی جاتی اور 193 ممالک کی معیشت بیٹھ جاتی، آج پاکستان کی قیادت صرف پاکستان کی محسن نہیں بلکہ 193 ملکوں کی محسن ہے۔
نارووال میں ایک کالج میں ہونے والی ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے احسن اقبال نے پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر کہا کہ ایک سیاسی جماعت لوگوں کو بتاتی تھی کہ پاکستان کا بیڑا غرق ہوگیا، ایک لیڈر کی تقریر تو شروع ہی ستیاناس اور بیڑا غرق سے ہوتی تھی مگر آج پاکستان نے معرکہ حق میں ہندوستان کے دانت توڑ کر رکھ دیے،آج آسٹریلیا سے لے کر امریکہ تک پوری دنیا میں جس ملک کے چرچے ہیں تو وہ پاکستان ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ آج دنیا کے لیڈر جس ملک کو شاباش دے رہے ہیں وہ پاکستان ہے، آج دنیا جس کی بہترین سفارت کاری کے قصیدے پڑھ رہی ہے تو وہ پاکستان ہے، اللہ نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا پرچم پوری دنیا میں بلند کر دیا۔
احسن اقبال نے کہا، جب بھی مسلم لیگ کی حکومت آئی پاکستان کا وقار بلند ہوا۔ مسلم لیگ کی قیادت میں ملک نے ہر شعبے میں ترقی کی، قائد نواز شریف نے پوری دنیا کا دباؤ ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں پاسداران کے میزائل ذخائر، لانچر، ڈرون محفوظ، نئی ویڈیو کلپ میں دشمن کے جنگ ہارنے کا دعویٰ