سلہٹ ٹیسٹ میں فتح حاصل کر سکتے ہیں :بائولنگ کوچ عمر گل

May 18, 2026 | 18:35:PM
سلہٹ ٹیسٹ میں فتح حاصل کر سکتے ہیں :بائولنگ کوچ عمر گل
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 ںیوز )پاکستان کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ اگر قومی ٹیم اگلے دو دن اچھی بیٹنگ کرے تو دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کا موقع موجود ہے۔

سلہٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ میچ میں ابھی دو دن باقی ہیں اور بارش کا بھی امکان ہے، اس لیے مقابلہ ابھی مکمل طور پر کھلا ہوا ہے۔ ان کے مطابق دونوں ٹیموں کے پاس جیتنے کا موقع موجود ہے اور میچ ڈرا ہونے کے امکانات کم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم ذہنی طور پر 437 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا ہدف حاصل کرنے کے لیے دو یا تین مضبوط شراکتیں ضروری ہوں گی، جبکہ کرکٹ میں کسی بھی نتیجے کا امکان موجود رہتا ہے۔

عمر گل کے مطابق میچ کے پہلے روز پچ بولرز کے لیے سازگار تھی کیونکہ نمی اور سوئنگ موجود تھی، تاہم دوسرے اور تیسرے دن بیٹنگ کے لیے حالات بہتر ہو گئے اور پچ بیٹرز کے حق میں نظر آئی، باولنگ کوچ نے بنگلادیشی بیٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی، جبکہ پاکستانی بولرز بدقسمت رہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ٹیم ریویو کا درست استعمال نہیں کر سکی۔

فاسٹ باولرز کی رفتار سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں باولرز کی رفتار بہتر ہوتی ہے، لیکن ریڈ بال کرکٹ میں اسپیڈ کچھ کم ہو جاتی ہے تاہم ان کے مطابق ہر فارمیٹ میں رفتار اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کم ٹیسٹ میچز کھیلتی ہے جس کے باعث بولرز کا ردھم متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بولرز نے بھرپور محنت کی، پہلے ٹیسٹ میں پیسرز نے 40 سے زائد اوورز کروائے جبکہ موجودہ میچ میں بھی مسلسل چھ سیشن فیلڈنگ کرنا آسان نہیں تھا۔

عمر گل نے مزید کہا کہ گرمی اور نمی کے باعث بولرز کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب ٹیم چھ ماہ بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہو، پی ایس ایل اور ورلڈ کپ کی تیاریوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بڑے ایونٹ سے قبل منصوبہ بندی کی جاتی ہے، تاہم اس بار ورلڈ کپ کی وجہ سے پی ایس ایل کا شیڈول متاثر ہوا، جس سے کئی کھلاڑیوں کو مناسب پریکٹس کا موقع نہیں مل سکا۔

سوشل میڈیا پر شاہین شاہ آفریدی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں پر وضاحت دیتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ ایسی باتیں بے بنیاد ہیں کہ شاہین کوچ کی ہدایات نہیں مان رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ حسن علی کے سر پر گیند لگنے کے بعد شاہین کو میدان میں جانے کا کہا گیا تھا، لیکن سوشل میڈیا پر ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں :’’ سائیکو‘‘ کا ٹریلر جاری، بڑی عید پر ریلیز ہوگی