پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام تک پہنچے گا:حکومت نے خوشخبری سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف مل سکے۔
علی پرویز ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کوششیں مثبت نتائج دے رہی ہیں اور ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے ہونے کے قریب ہے۔
علی پرویز ملک کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولہ تیار کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس نئے فارمولے کے ذریعے عوام کو قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں اور ان کی وجوہات سے بہتر طور پر آگاہی حاصل ہو سکے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نیا طریقہ کار تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تشکیل دیا جائے گا تاکہ اسے زیادہ مؤثر اور قابلِ عمل بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:اچانک بڑی چھلانگ۔۔!سونے نے پھر بازی پلٹ دی
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین کو بلا تعطل برقرار رکھا گیا ہے، ان کے مطابق حکومت توانائی کے تحفظ کے مجموعی فریم ورک پر بھی ازسرِنو غور کر رہی ہے اور اس سلسلے میں متعدد نئے اقدامات زیرِ غور ہیں۔
انہوں نے بحران کے دوران تعاون پر تمام شراکت داروں اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔