سپلی والے طلبہ سمَر سمسٹر  سہولت فراہم نہ کرنے پر پریشان،وزیراعلی سے مداخلت کی اپیل

جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو اپنے حقوق کے لیے احتجاج پر مجبور ہوں گے، طلبہ کا عزم

Jun 18, 2025 | 18:53:PM
سپلی والے طلبہ سمَر سمسٹر  سہولت فراہم نہ کرنے پر پریشان،وزیراعلی سے مداخلت کی اپیل
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پنجاب بھر کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ان طلبہ کے لیے مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں جن کے امتحانات میں سپلی (Supply) آئی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ان طلبہ کو سمَر سمسٹر (Summer Semester) کی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی جس کی وجہ سے والدین اور طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔متاثرہ طلبہ اور ان کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں۔

متاثرہ طلبہ اور ان کے والدین کا کہنا ہے کہ اگر سمَر سمسٹر آفر کر دیا جائے تو بچے اپنا کورس مکمل کر کے بروقت اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں گے، ورنہ اگلے سال تک انتظار کرنا پڑے گا جس سے نہ صرف تعلیمی سال ضائع ہوگا بلکہ مالی بوجھ بھی بڑھے گا۔ طلبہ نے یہ شکوہ بھی کیا کہ کئی نجی یونیورسٹیوں میں سمَر سمسٹر کی سہولت موجود ہے لیکن سرکاری اداروں میں طلبہ کو اس سہولت سے محروم رکھا جا رہا ہے۔والدین کا کہنا ہے کہ وہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی تعلیمی اخراجات کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، اور بچوں کی تعلیم میں مزید تاخیر ان کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

متاثرہ طلبہ اور ان کے والدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری مداخلت کریں اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) اور متعلقہ تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کریں کہ طلبہ کے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری طور پر سمَر سمسٹر آفر کیا جائے تاکہ بچوں پر تعلیمی اور ذہنی دباؤ کم ہو سکے اور وہ اپنی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھ سکیں۔

طلبہ نے“ہمیں انصاف چاہیے، ہمارا سال ضائع نہ کریں” کے نعروں کے ساتھ  اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اپنے حقوق کے لیے احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سیٹی زبان استعمال کرنیوالے صرف چند ہزار لوگ رہ گئے، یونیسکو کا انتباہ