گڈزٹرانسپورٹرزکا کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان

Jul 18, 2026 | 09:30:AM
گڈزٹرانسپورٹرزکا کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(طاہرجمیل)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فی صد اضافے کا اعلان کر دیا ۔
کراچی میں صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے ٹول ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور چالان ختم کیے جائیں، حکومتی پالیسیوں کے باعث ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ٹرانسپورٹ شعبے کے لیے فوری ریلیف ناگزیر ہے۔

دوسری طرف منی مزدا گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھی کرائے10 فیصد بڑھا دیے ہیں جبکہ پبلک ٹرانسپورٹزز نے  کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیاہے،سرکاری سطح پر کرائے نامے کی تیاری کے لیے ٹرانسپورٹ ہاؤس میں اجلاس جاری ہے،گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھنے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھنے کا خدشہ ہے۔

صدر پاکستان مزدا و گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن حاجی شیرعلی کاکہناہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ تبدیلی سے شعبہ ٹرانسپورٹ بری طرح متاثر ہوگا،روزانہ نیا کرایہ اور مہنگی سپلائی سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا ناممکن ہوگا۔

واضح رہے کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیاگیاہے جس کے بعدپیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے فی لیٹر اورڈیزل کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:امریکی فضاآلودہ کرنے پر ٹرمپ کی کینیڈا کو ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی
 نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں 18 سے 20 جولائی تک کے لیے ہیں،مٹی کا تیل بھی 34 روپے 33 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے اور مٹی کے تیل کی نئی فی لیٹر قیمت 276 روپے 66 پیسے مقرر کی گئی ہے جو اس سے قبل 242 روپے 33 پیسے فی لیٹر تھی۔