حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا نام ECL میں ڈال دیا

May 17, 2021 | 11:10:AM
حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا نام ECL میں ڈال دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)حکومت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی تصدیق کی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ لیڈر اپنے لوگوں میں جینا مرنا چاہتا ہے لندن بھاگنا نہیں چاہتا، روس کا اپوزیشن لیڈر بھی وطن واپس آیا اور ایران میں بھی دیکھ لیں صورتحال کیا ہے، یہاں نوازشریف واپس نہیں آیا تو شہباز شریف کیسے واپس آتے اس لیے  شہباز شریف کو جانے کی اجازت دی تو وہ سلطانی گواہ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔عید کے بعد اپوزیشن جوکرنا چاہتی ہے کرلے لیکن  عمران خان اپوزیشن کے بس کی بات نہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نوازشریف کے ضمانتی ہیں، وہ بیرون ملک چلے گئے تو ان کو نواز شریف کی طرح واپس لانا مشکل ہوگا جب کہ شریف فیملی کے 5 افراد پہلے سے بیرون ملک مفرور ہیں، حکومت نوازشریف کی واپسی میں بے بس نہیں اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں، برطانیہ کے سفیر نے بتایا کہ یہ ایک لمبا عمل ہے، پاکستانی حکومت چاہتی تھی نوازشریف کو جلا وطن کیا جائے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق بحری اور فضائی اداروں کوآگاہ کردیا گیا ہے، شہباز شریف 15 دن میں نظرثانی کی درخواست وزارت داخلہ کو دے سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے ڈیل سے باہر آنے یا باہر جانے سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں، جنرل باجوہ نےکہا تھا کہ فوج جمہوری اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

اس سے قبل ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کی اطلاع دی۔کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر نون لیگ کے رہنما شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ پر ڈال دیا گیا ہے اور متعلقہ ریکارڈ اس ضمن میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے

 فواد چودھری نےکہا کہ ‏کابینہ کی منظوری اور قانونی ضابطے مکمل ہونے پر شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اور اس حوالے سے ریکارڈ بھی اپ ڈیٹ کردیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ شہباز شریف نے بلیک لسٹ میں نام موجود ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے انہیں علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی تاہم گزشتہ ہفتے بیرون ملک روانگی کے لیے جب شہباز شریف لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جس پر اپوزیشن لیڈر واپس گھر روانہ ہوگئے۔